اسلام آباد(ای پی آئی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت، چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست پر نوٹسز جاری۔

تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی،جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا پیش ہوئے۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے کہاکہ ہم عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست دینا چاہتے ہیں،جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد نے کہاکہ آپ پہلی مرتبہ یہاں پیش ہوئے، درخواست دے دیں ہم دیکھ لیتے ہیں،

وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے کہاکہ انہوں نے پھر بہانہ بنا لینا ہے کہ سکیورٹی مسائل ہیں،عدالت نے اسد عمر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت 9دسمبر تک ملتوی کردی،یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ کوہسار میں دو اور تھانہ سیکرٹریٹ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔