اسلام آباد (ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر داخلہ اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاری کے بعد میں نے ان لوگوں کی مانی نہ انہوں نے میری مانی۔
انھوںنے کہا کہ ہارتا وہ ہے جو حوصلہ ہارتا ہے، اس عمر میں بھی کسی دوست کے خلاف بیان نہیں دیا۔ انوکھے لاڈلے کو کہنا چاہتا ہوں کہ فیصلہ آسمانوں کا ہے، میں صرف راولپنڈی کی سیاست کرتا ہوں اور پی ڈی ایم کے خلاف لڑوں گا۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آپ کو خبر مل رہی ہے کہ ہر روز دہشت گردی کے مقدمے میں عدالتوں میں جا رہا ہوں، ایک جوڑا لے کر جیل جاتا ہوں اور سامان جیل میں ہی دے دیتا ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایسے دکھائی دیتا ہے کہ میں دوسرے نمبر کا دہشت گرد ہوں، پولیس افسر نے عدالت میں کہا ہے کہ یہ دہشت گردی کا کیس نہیں بنتا۔


