اسلام آباد(ای پی آئی ) نگراں وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں ۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق 10 تولہ سونا ہے جس کی مالیت محض 80 ہزار روپے ہے، کراچی ڈی ایچ اے میں ایک گھر ہے جس کی مالیت 40 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ مجموعی طور پر 4 کروڑ 81 لاکھ 82 ہزار 580 روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔

نگران وزیر اعظم کے پاس 20 ایکڑ وراثتی زرعی زمین موجود ہے جس کی مالیت 80 لاکھ روپے ہے، ان کے پاکستان چاغی مائننگ لمیٹڈ میں 50 ہزار روپے کے شیئرز ہیں، 2 بینکوں میں 2 کروڑ 20 لاکھ روپے موجود ہیں، کراچی ڈی ایچ اے میں 40 لاکھ روپے مالیت کا ایک گھر ان کا ہے، وزیراعظم نے اپنے گھر کے فرنیچر کی مالیت 4 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

جبکہ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی جانب سے ظاہر کئے گئے اثاثوں کے مطابق کراچی ڈی ایچ اے 6 میں 40 لاکھ روپے مالیت کا گھر ہے، کراچی ڈی ایچ اے میں ایک پلاٹ کی قیمت 1 لاکھ 25 ہزار ظاہر کی ہے ان دونوں اراضی کو والد سے تحفہ ملنا ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ شمشاد اختر نے 2 ارب 79 کروڑ روپے کے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹ حاصل کر رکھے ہیں، ان کے پی ایس او میں 3 لاکھ روپے سے زائد کے شیئرز ہیں، نفع انکم بینک عارف حبیب میں 9 لاکھ 47 ہزار انویسٹ ہیں، ٹریژری بلز میں 10 کروڑ 96 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں۔انہوں نے ٹی ڈی آر بینک الحبیب میں 2 کروڑ 41 لاکھ روپے ظاہر کیے ہیں، ان کے پاس صرف 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا ہے اور 19 لاکھ 46 ہزار روپے کی نقدی ہے جب کہ بینکوں میں 39 لاکھ 24 ہزار روپے موجود ہیں، شمشاد اختر نے فرنیچر کی مالیت 2 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔

جبکہ نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی 2 کروڑ 32 لاکھ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس 1 کروڑ 27 لاکھ روپے مالیت کا گھر ہے، ان کی اہلیہ کے پاس اسلام آباد میں 2 گھر 31لاکھ روپے مالیت کے ہیں، ان کے SMC پرائیویٹ لمیٹڈ میں 25 ہزار روپے کے شئیرز ہیں، وہ ساڑھے 12 لاکھ روپے کی گاڑی کے مالک ہیں۔

نگران وزیر اطلاعات نے 4 تولہ سونے کی قیمت 70 ہزار روپے ظاہر کی ہے، ان کی اہلیہ کے پاس 18 لاکھ روپے نقدی موجود ہے، انہوں ںے اپنے پاس 26 لاکھ 93 ہزار روپے کیش ظاہر کیے ہیں، جب کہ بینک میں 3 لاکھ 19 ہزار اور اہلیہ کے پاس بینک میں 1 لاکھ 57 ہزار روپے موجود ہیں، نگراں وزیر اطلاعات نے گھر کے فرنیچر کی مالیت 10 لاکھ ظاہر کی ہے۔