راولپنڈی(ای پی آئی ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور رہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں بی کلاس نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت ، سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جواب جمع کرایا۔
تفصیل کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پرویز الٰہی کو بی کلاس نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت میں پرویز الٰہی کی طرف سے عبدالرزاق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دے دی گئی،سیکرٹری داخلہ پنجاب اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں رپورٹ جمع کرا دی۔
وکیل پرویز الٰہی نے استدعا کی کہ پرویز الٰہی کو گھر کے کھانے اور فیملی سے ہفتے میں 2بار ملاقات کی اجازت دی جائے،
جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ پرویز الٰہی کو گھر کے کھانے اور فیملی سے 2بار ملاقات کی اجازت ہو گی،عدالت نے سہولتیں دینے کی حکومت پنجاب کی یقین دہانی کے بعد درخواست نمٹا دی۔


