اسلام آباد (ای پی آئی )اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی ضمانت مستردکرنےکا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،
چیف جسٹس عامر فاروق نے 10 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
عدالت کی جانب سے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ جرم پر اُکسانے، جرم کی سازش یا معاونت کرنے والے کو مرکزی جرم کرنے کی طرح ہی دیکھا جائے گا۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر لگی دفعات میں سزا عمر قید یا سزائے موت ہے، شاہ محمود قریشی کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جائے گا، بلا شبہ ضمانت سزا روکنا نہیں۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمر قید یا سزائے موت کے ملزمان کو عدالتیں ضمانت دینے میں احتیاط سے کام لیتی ہیں، اس قسم کے کیسز میں جب تک معقول وجہ موجود نہ ہو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت ضمانت مسترد کر کے ہدایت کرتی ہے ٹرائل 4 ہفتے میں مکمل کیا جائے۔


