اسلام آباد(ای پی آئی ) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزاکیخلاف اپیلوں کی سماعت کل ہو گی ،

اس موقع پرسیکیورٹی کے حوالے سے رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سرکلر جاری کر دیا گیا ہے ،

جاری سرکلر کے مطابق چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کل اپیلوں پر سماعت کرینگے،

آئی جی اسلام آباد نوازشریف کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں، کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ سکیورٹی پاسز سے مشروط ہو گا۔

جاری سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کی قانونی ٹیم کے 15وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی،اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے 5،5سرکاری وکلا کو داخلے کی اجازت ہو گی،

اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے 30صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہو گی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین انٹری پاسز سے مستثنیٰ ہوں گے۔