اسلام آباد(ای پی آئی ) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاور مانیکا کو اپنے ہی گھر کا پردہ چاک نہیں کرنا چاہئے تھا،جب چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تو اس وقت خاور مانیکا کو انٹرویو دینا چاہئے تھا۔
انھوں نے کہا کہ شہبازشریف، نواز شریف کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہوئی،شہبازشریف، نواز شریف لاڈلے ہیں، گیس کی قیمتیں دوبارہ بڑھ گئی ہیں،شہبازشریف اور نوازشریف نے عوام کا جینا مشکل کر دیا، شہباز شریف اور نواز کس منہ سے عوام سے ووٹ لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر سیاسی کام کررہے ہیں، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئے، لاہور میں بھی یہی ہورہا ہے، پولیس انتظامیہ ان کیلئے کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں، شیڈول آئے گا تو ہم سپریم کورٹ جائیں گے، اللہ کے بعد سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی،چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری سے قبل ہی آئی ایم ایف کے وفد کیساتھ ملاقات ہوئی۔
صدر تحریک انصاف نے کہاکہ بلے کے نشان پر الیکشن لڑیں گے،پارٹی چھوڑنے والے سب واپس آ جائیں گے، ووٹ پی ٹی آئی کا ہے،
ان کاکہناتھا کہ پی ٹی آئی کو نہ چھوڑیں، چیف الیکشن کمشنر ہمیں ہمارا حق دیں اور جلسے کرنے دیں،
پرویز الٰہی نے کہاکہ ہمارا کپتان بھی تگڑا ہے، جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ابھی ملاقات نہیں ہوئی،الیکشن شیڈول آنے کے بعد ٹکٹ ہمارا ہی ہوگا، ہماری انتخابی مہم کو نہیں روک سکتے،کسی کا دل کمزور ہے تو ساتھ وکیل کو کورنگ امیدوار کے طور پر کھڑا کرلے۔


