پشاور (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کو گرفتار کرنے بعد رہا کر دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کو ایئرپورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا ، سابق صوبائی وزیر عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے شوکت یوسفزئی کو حراست میں لیا، دو سے تین گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

دوسری جانب شوکت یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے جارہا تھا، فلائٹ روانہ ہونے کے بعد چھوڑ دیا گیا، نہ کوئی ایف آئی آر ہے اور نہ کسی کیس میں مطلوب ہوں۔