چارسدہ(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے انتخابات سے بہترہے نگران کی طرح نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کا نوٹیفکیشن کردیں۔
انھوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے جو ماحول بنایا گیا ہے یہ کسی طور پر بھی فری اینڈ فیئر نہیں،ہم پر سلیکٹڈ کا الزام لگانے والی اپوزیشن آج خود سلیکٹڈ پلس بن گئی، اس ماحول میں اگر انتخابات ہوئے تو کوئی اسے تسلیم نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف سارا ظلم و جبر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کر رہی ہے جب کہ نواز شریف کو وزیر اعظم بنانا ہے تو انتخابات کی کوئی ضرورت نہیں، ایسے انتخابات سے بہترہے نگران کی طرح نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کا نوٹیفکیشن کردیں۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ پارٹی کی لیگل ٹیم دیکھ رہی ہے۔