اسلام آباد(ای پی آئی ) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نےبرطانوی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ عام شہری تصور نہیں کرسکتا کہ عمران خان کو جیل میں کتنی سہولیات حاصل ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی کو جو سہولیات فراہم کی گئیں وہ آج تک کسی سابق وزیراعظم کو نہیں دی گئیں
انھوں نے کہا کہ لاپتا افراد کا معاملہ کافی حد تک حل ہوچکا ہے، لاپتا افراد کے جتنے کیسز ہیں ان میں سے 78 فیصد کیسز حل ہوچکے ہیں، اختر مینگل کی جانب سے تیار کی گئی لاپتا افراد کی فہرست درست نہیں۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کی سائفر کیس میں 28 نومبر کو پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کو من و عن تسلیم کریں گے۔نواز شریف سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ میرے خیال میں نواز شریف پر جو کیسز بنے ہیں وہ بے بنیاد ہیں، انہیں محض بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قرار دیا گیا جو کہ درست نہیں۔
انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی جانب سے مسلم لیگ ن کو کوئی فیور نہیں دیا جا رہا، نگراں حکومت کے لیے نواز شریف اور بلاول بھٹو ایک جیسے اور قابلِ احترام ہیں۔ انتخابات سے متعلق وزارتِ داخلہ نے الیکشن کمیشن کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انھوں نے کہ 3 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن واپس لوٹ چکے ہیں، یہ عمل ایک ماہ میں مکمل ہو جائے گا، واپس لوٹنے والوں میں 99 فیصد سے زیادہ تعداد افغان تارکینِ وطن کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افسوس ناک واقعات میں ’را‘ کا کردار رہتا ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کی فالٹ لائنز میں ملک مخالف ایجنسیاں ہمیشہ اضافہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ گلگت بلتستان، جڑانوالہ اور دیگر جگہوں پر سازش کے تانے بانے کہیں اور جا کر ملتے ہیں، ہم بدقسمت لوگ ہیں کہ ہم اس بہکاوے میں آ جاتے ہیں۔
نگراں وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا کہ جتنے لاپتہ افراد کی لسٹ دی جاتی رہی ہیں ان میں سے 78 فیصد کیسز حل ہو چکے ہیں، اختر مینگل کی لاپتہ افراد سے متعلق لسٹ درست نہیں۔


