راولپنڈی (ای پی آئی )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران عادل فاروق راجہ اور حیدر رضا مہدی کو سزا سنا دی ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ریٹائرڈ افسران کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر ریٹائرڈ عادل فاروق راجہ کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سزاکے تحت 21 نومبر 2023 سے دونوں ریٹائرڈ افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔دونوں ریٹائرڈ فوجی افسران کو فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے ،
عدالت نے 7 اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو مجرم قرار دیا تھا ،دونوں ریٹائرڈ افسران کا پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کیا گیا ۔ واضح رہے کہ 14 جون2023ء کو سوشل میڈیا ایکٹوسٹ عادل راجہ کی برطانیہ میں گرفتاری کی متضاد اطلاعات سامنے آئی تھیں۔عادل راجہ کیخلاف پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، عادل راجہ کے خلاف پاکستانی اتھارٹیز نے مختلف شکایات درج کرائی ہوئی ہیں۔
عادل راجہ کے خلاف تازہ ترین شکایت 9 مئی سے متعلق کی گئی تھی، عادل راجہ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ریاست پاکستان مخالف جذبات ابھارنے کی شکایت درج ہے۔
عادل راجہ پر الزام ہے کہ انہوں نے فیک نیوز پھیلائی جس کے ذریعے ریاست پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی۔لندن پولیس نے عادل راجہ کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ انہیں لندن میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔


