1

لاک ڈاؤن اور پابندیاں، لاہور کو اسموگ سے چھٹکارا نہ ملا، شہری آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور، اسموگ کی شرح گھٹنے کے بجائے اور بڑھ گئی ۔ آلودہ ترین شہروں میں لاہور سرفہرست، پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 417 ریکارڈ، لاہور سمیت پنجاب کے 6 اضلا ع میں تین روز کی چھٹیوں کے بعد تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے ہیں۔ کراچی میں بھی فضائی آلودگی بڑھ گئی ہے، آلودہ شہروں کی فہرست میں شہر قائد کا تیسرا نمبر ہے

2

مصنوعی بارش برسانے کے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ قائم۔چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور میں مصنوعی بارش برسانے، سموگ ریڈکشن ٹاور کی تنصیب کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں تحفظ ماحولیات، زراعت، خزانہ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، وفاقی اور عسکری اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے مصنوعی بارش برسانے کیلئے کلاؤڈ سیڈنگ، کلاؤڈ آؤنائزیشن کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔دوران بریفنگ مزید کہا گیا کہ اگلے چھ ہفتوں میں دبئی کی کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ پانچ سسٹمز کے ذریعے لاہور میں منتخب جگہوں پر کلاؤڈ آؤنائزیشن کا تجربہ کیا جائے گا، لاہور میں سموگ ریڈکشن ٹاورز کی تنصیب کیلئے ماہرین کی ٹیم اگلے ماہ چین جائے گی، منصوبوں کی نگرانی کیلئے محکمہ تحفظ ماحولیات میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا رہا ہے۔

3

حماس اور اسرائیل کے درمیان 4 روزہ جنگ بندی معاہدے کا آج آخری روز ہے جس میں توسیع کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا عارضی معاہدہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور کل صبح جنگ بندی معاہدہ اپنا وقت مکمل کرلے گا تاہم فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے میں توسیع پر رضا مندی ظاہر کی ہے۔حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا اطلاق جمعہ سے ہوا تھا جس کے بعد دونوں جانب سے درجنوں یرغمالیوں کو رہا کیا جاچکا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب جنگ بندی معاہدے کے پورے ہونے کے بعد اس کی توسیع کے امکانات ظاہر کیے جارہے ہیں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔.

4

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کو بتا دیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد اسرائیل پوری طاقت کے ساتھ غزہ پر حملے شروع کرے گا۔ نیتن یاہو نے کہاکہ جنگ بندی میں توسیع کا خیرمقدم کریں گے۔دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ فوجی قیدیوں کی رہائی کی قیمت وہ نہیں ہوگی جو شہریوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل نے ادا کی۔حماس کا کہنا ہے کہ قطری ثالثی معاہدے کے تحت روزانہ 10 اضافی یرغمالیوں کو رہا کیا جاسکے گا۔

5

امریکا میں یہودی تنظیم نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نیویارک کے مین ہیٹن پُل کو دھرنا دے کر بند کردیا۔مظاہرین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ انہیں نسل کشی نہیں جنگ بندی چاہیے۔ساتھ ہی مظاہرین نے امریکی صدر جو بائیڈن سے نسل کشی میں اسرائیل کا ساتھ نہ دینےکا مطالبہ کیا۔دوسری جانب اسپین کے شہر بارسلونا میں ہزاروں شہریوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا اور عارضی جنگ بندی میں توسیع کا مطالبہ بھی کیا۔

6

ایس ایس پی ایسٹ انویسٹی گیشن سعود مگسی نے کہا ہےکہ راشد منہاس روڈ پر واقع آگ سے متاثرہ شاپنگ مال میں ماہرین کے آنے اور شواہد جمع کرنے تک مال سیل رہے گا۔تفتیشی ٹیم کے رکن ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ سعود مگسی نے راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال کا دورہ کیا جہاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں ایس ایس پی نے بتایا کہ شاپنگ مال کے بلڈر سے نقشہ طلب کیا ہے، نقشے میں دیکھیں گےکہ ہنگامی اخراج یا حفاظتی انتظامات تھے یانہیں، تفتیش کے لیے کمیٹی میں ایک انجینئر کو بھی شامل کیا ہے، کچھ شواہد ملے ہیں لیکن ابھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

7

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں پاکستانی فوڈ ایکسپورٹ میں اضافہ،جولائی تا اکتوبر خوراک کی برآمدات 30 فیصد تک بڑھ گئیں، پہلے 4 ماہ میں ایک ارب 94 کروڑ47 لاکھ ڈالر کی غذائی اشیا برآمد کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق چاول کی ایکسپورٹ 30 فیصد اضافے سے 71 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئیں، پھلوں کی برآمدات 13.53 فیصد بڑھیں جس کا حجم 10 کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہا جب کہ مصالحوں کی ایکسپورٹ 24.56 فیصد اضافے سے 3 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہیں۔

8

قومی ٹی20 ٹورنامنٹ: بیٹ پر فلسطین کا جھنڈا لگانے پر اعظم خان پر جرمانہ عائد،قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اعظم خان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہےکہ اعظم خان پر غیر منظور شدہ لوگو کے استعمال پر کارروائی ہوئی، اعظم خان کو میچ ریفری نے بیٹ پر فلسطین کے جھنڈے کا اسٹیکر لگانے سے منع کیا تھا، اعظم نے جواب میں کہا تھا کہ میرے ہر بیٹ پر یہی اسٹیکر ہے۔