پشاور (ای پی آئی )مبینہ طور پر جرگے کے حکم پر لڑکی کے قتل کے واقعہ پر نگراں وزیر اعلیٰ کا نوٹس آئی جی کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی
تفصیل کے مطابق خیبر پختون خوا کے ضلع کولئی پالس میں جرگے کے حکم پر لڑکی کو قتل کر دیا گیا اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو خاندان کے افراد کی مشاورت پر قتل کیا گیا، کچھ روز قبل مقتولہ اور ایک دوسری لڑکی کی 2 لڑکوں کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔
ڈی ایس پی کے مطابق لڑکی کے قتل کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، واقعے میں معاونت اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری لڑکی کو جان بچانے کے لیے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، لڑکی نے عدالت میں بیان دیا کہ اس کی جان کو گھر والوں سے کوئی خطرہ نہیں، لڑکی کے عدالت میں دیے گئے بیان کے بعد اس کو گھر والوں کے حوالے کر دیا گیا، دونوں لڑکے اب تک روپوش ہیں۔
اس حوالے سے خیبر پختون خوا کے نگراں وزیرِ اعلیٰ ارشد حسین شاہ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ سے رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی انکوائری کر کے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔
نگراں وزیرِ اعلیٰ نے آئی جی کو واقعے میں ملوث تمام افراد کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔