لاہور (ای پی آئی ) لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کنٹرول کرنے کے کیس کی سماعت ،عدالت نے تجارتی سرگرمیاں رات 10 بجے بند کرانے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تجارتی سرگرمیوں کو بند کرانے کا حکم جاری کیا،
انہوں نے تحریری حکم میں لکھا کہ سی سی پی او لاہور رات 10 بجے تمام مارکیٹیں بند کرنے کے حکم پر عملدرآمد کروائیں اور سموگ کو کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری سی سی پی او لاہور کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔
جسٹس شاہد کریم نے تحریری حکم میں یہ بھی لکھا کہ ہفتے میں 2 روز ورک فرام ہوم کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور پرائیویٹ ادارے بھی ورک فرام ہوم کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کریں۔
عدالت نے ڈائریکٹر جنرل ماحولیات کو آلودگی کے باعث ڈی سیل ہونے والے انڈسٹری یونٹس کو دوبارہ سیل کرنے کے احکامات جاری کیے اور حکم دیا کہ عدالتی حکم کے بغیر کسی فیکٹری کو ڈی سیل نہ کیا جائے۔