راولپنڈی (ای پی آئی ) سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے ڈسٹرکٹ کورٹ راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں میرے سمیت جو بھی عوام سے ووٹ مانگنے جائے گا اس کو لگ پتا جائے گا۔،
انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہہ دیا ہے کہ الیکشن ہونے جارہے ہیں، میری کیا اوقات میں الیکشن کے بارے میں کچھ کہہ دوں، عوام میں جذبہ نہیں ہے، بھوک، ننگ اور مہنگائی ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں نے گھروں کے باہر بجلی بل لٹکائے ہوئے ہیں، عوام نے آٹے کا تھیلا اور بچوں کی فیس بھی گھر کے باہر لٹکائی ہوئی ہے، غریبوں کے حالات زندگی ان کی بس سے باہر ہوگئے ہیں، میں سکول دور سے الیکشن لڑتا آرہا ہوں، الیکشن میں جو جذبہ ہوتا ہے وہ عوام میں نہیں ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ میں 10 تاریخ سے الیکشن مہم شروع کررہا ہوں، میرا اتحاد اللہ کے ساتھ ہے، اللہ مجھے دونوں سیٹیں جتائے گا، قلم دوات سے راولپنڈی کی دونوں سیٹیں نکلیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اچھی خبر یہ ہے آج میری آبپارہ میں بھی ضمانت کنفرم ہو گئی ہے، 30 تاریخ کو لاہور ہائیکورٹ روالپنڈی بنچ میں پتا چلے گا کتنے کیسز ہیں، مجھ پر ٹوٹل 68 کیسز بنے ہیں، اللہ مجھے کامیابی دے گا، مجھ پر بنے تمام کیسز جھوٹ پر مبنی ہیں۔


