ا سلام آباد (ای پی آئی )عام انتخابات 2024ء کے لیے مختص رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کا نوٹس سیکرٹری خزانہ کوطلب کر لیا گیا،
تفصیل کے مطابق عام انتخابات 2024ء کے لیے بجٹ میں 42 ارب کی مختص کی گئی رقم ریلیز نہ کرنے پر الیکشن کمیشن نے سیکریٹری خزانہ کو الیکشن کمیشن طلب کر لیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ نے اب تک 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں، بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے، 8 فروری کے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر17 ارب روپے درکار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رقم کی فراہمی کے لیے وزارت خزانہ سے بارہا رجوع کیا گیا، وزارت خزانہ کو رقم کی فوری فراہمی کے لیے تحریری یاد دہانی بھی کرائی گئی، رقم کی فراہمی سے متعلق ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے رقم فراہمی سے متعلق نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو بھی آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق رقم فراہمی سے متعلق نگراں وزیرِ اعظم کو آج تفصیلی خط بھی لکھا جا رہا ہے۔


