راولپنڈی(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین اور شاہ محمود قریشی کے خلاف اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت۔
عدالت کی جانب سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو کیس کی نقول فراہم کر دی گئی ،سماعت 12 دسمبر تک ملتوی۔
تفصیل کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کی۔
اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور رضوان عباسی کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے اہل خانہ اور وکلا عدالت میں پیش ہوئے، میڈیا کے 6 نمائندگان کو عدالتی کارروائی دیکھنے کی اجازت دی گئی۔
دورانِ سماعت پی ٹی آئی وکلا نے نقول فراہم نہ کرنے کی استدعا کی اور اس حوالے سے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا کہا جبکہ ایف آئی اے اسپیشل پراسیکیوٹرز نے کیس کے نقول آج فراہم کرنے کی درخواست کی۔عدالت کی جانب سے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو کیس کے نقول فراہم کردی گئیں ،
قانون کے مطابق 7 روز بعد 12 دسمبر کو دونوں پر فردجرم عائد کی جائے گی۔ جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ 21 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں جاری جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی انٹراکورٹ اپیل کو منظور کرتے ہوئے جیل ٹرائل کا 29 اگست کا نوٹی فکیشن غیرقانونی قرار دے دیا تھا۔


