اسلام آباد (ای پی آئی )رواں سال اگست میں اسٹوری کا فیچر سامنے آنے کے بعد اب ٹیلی گرام نے دیگر نئے فیچرز متعارف کرانے کا عندیہ دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیلی گرام نے نئے فیچرز مقبول مسجنگ ایپ واٹس ایپ کا مقابلہ کرنے کے لیے متعارف کرائے ہیں، جس نے ستمبر میں چینلز کا فیچر دنیا بھر کے صارفین کے لیے پیش کیا تھا۔اب جب کوئی صارف کسی نئے ٹیلی گرام چینل کا حصہ بنے گا تو ایپ کی جانب سے اس سے ملتے جلتے چینلز تجویز کیے جائیں گے، تاکہ وہ زیادہ بہتر انتخاب کر سکے۔صرف یہی نہیں ٹیلی گرام چینلز کے لیے کاسٹیوم ایموجیز فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
چینلز سے ہٹ کر ٹیلی گرام کی جانب سے آڈیو میسجز کے لیے وائس ٹو ٹیکسٹ فیچر بھی ایپ کا حصہ بنایا گیا ہے۔یہ فیچر پہلے ٹیلی گرام کے پریمیئم صارفین کو دستیاب تھا مگر اب یہ ایپ کو مفت استعمال کرنے والے افراد کو بھی دستیاب ہوگا۔
مگر یہ افراد ایک ہفتے میں صرف 2 آڈیو میسجز کے لیے یہ فیچر استعمال کر سکیں گے۔خیال رہے کہ ٹیلی گرام میں چینلز کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے مگر واٹس ایپ میں اسی طرح کا فیچر متعارف کرانے کے بعد اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔