اسلام آباد ( ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین کی نااہلی ہونے کے بعد پارٹی چئیرمین رہنےپر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کر کے وضاحت طلب کر لی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن صائمہ طارق جنجوعہ کی طرف سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران احمد خان نیازی کو بنی گالہ کے ایڈریس پر ایک صفحے کا نوٹس بھجوایا گیا ہے 6 جنوری 2023 کو جاری کئے گئے نوٹس کا عنوان پاکستان تحریک انصاف کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا نوٹس دیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 20 دسمبر 2022 کو فاضل الیکشن کمیشن نے سماعت کے بعد حکم جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار کو سننے کے بعد کمیشن نے آبزور کیا ہے کہ 21 اکتوبر 2022 کو الیکشن کمیشن نے عمران خان کو اثاثوں بارے جھوٹا بیان اور غلط ڈیکلریشن دینے کی بنیاد پرNA-95 میانوالی سے نااہل اور ڈی سیٹ کیا تھا لیکن اس کے باوجود عمران احمد خان نیازی پاکستان تحریک انصاف کے عہدے پر فائز ہیں۔

کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے 2017 میں دیئے گئے فیصلے میں قرار دیا گیا ہے کہ نااہل شخص سیاسی جماعت کے چیئرمین کے عہدے پر نہیں رہ سکتا اسی طرح پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی عہدے پر نہیں رہ سکتے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس بھجواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 11 جنوری 2023 کو اپنی پوزیشن واضح کریں۔ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ (عمران خان) کو چاہئے کہ وہ ذاتی حیثیت میں یا اپنے وکیل کے ذریعے 11 جنوری کو صبح 10 بجے الیکشن کمیشن میں پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں یہ نوٹس فاضل الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر جاری کیا گیا ہے اس نوٹس کی کاپی صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن اسلام آباد پنجاب کو بھی بھجوائی گئی ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس نوٹس کی تعمیل کروا کر الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔ یہ نوٹس فیکس ای میل اور ٹیلی فون کے ذریعے پہنچایا جا سکتا ہے۔