خبر نمبر 1
اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جنوبی شہرخان یونس کے رہائشی علاقے میں وحشیانہ فضائی حملے اوربدترین گولہ باری کی گئی۔اسرائیلی فوج کی جارحیت کے باعث 40 ہزار سے زیادہ فلسطینی زخمی ہیں جبکہ شہدا اور زخمیوں میں 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر گنجان آباد جبالیہ کیمپ میں رہائشی عمارتوں کونشانہ بنایا، شدید بمباری کے باعث متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے، عمارتیں ملبے کاڈھیر بن گئیں۔
خبر نمبر 2
چلاس میں بس پر فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد بس بے قابو ہوکر ٹرک سے ٹکرائی جس کے باعث بس میں آگ بھڑک اٹھی، بس ضلع غذر سے راولپنڈی جارہی تھی۔
پولیس کا بتانا ہے کہ آگ لگنے کے سے ٹرک کا ڈرائیور بھی جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، انہوں نے آئی جی گلگت بلتستان کو ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔
خبر نمبر 3
سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ، دشمن کے عزائم خاک میں مل گئے۔ سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے باعث پشاوردہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچ گیا۔گرفتاردہشت گرد نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے جبکہ ضلع خیبر سے گولہ بارود،خودکش جیکٹس میں استعمال بارودی مواد، ڈیٹونیٹر اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گرد پشاورمیں بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گردی کارروائیوں کوناکام بنا دیا گیا۔
خبر نمبر 4
دودھ اور گوشت کی قیمت مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی پالیسی تیار،تینوں اہم اشیا ضروریہ کی قیمت کا تعین نجی شعبے کو دینے سے متعلق پالیسی پنجاب کو بھجوادی گئی ہے ، قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار کسانوں ، پیدا وار کرنے والوں کو دینے کی پالیسی تیار کی ہے۔وزارت برائےغذائی تحفظ کا کہنا ہے کہ اختیار کسان کو ملنے سے تینوں اشیا ضروریہ کی قیمت کم ہوگی، فیصلہ صوبائی حکومتوں کی کیبنٹ کمیٹی سے مشروط کردیا گیا ہے۔
خبر نمبر 5
لاہور میں گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا۔وکری کا جھانسہ دیکر گردے نکالنے والا گروہ پکڑا گیا۔ایس پی صدرسدرہ خان نے بتایا کہ گروہ نے لاہور سے نوے افراد کے گردے نکلوائے، ملزمان نوکری کا جھانسہ دیکر شہریوں کو اسلام آباد لیجاتے تھے۔سدرہ خان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی پیوندکاری کا عمل اسلام آباد کے فارم ہاؤس میں کیا جاتا تھا، گروہ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ پیوندکاری میں ملوث ڈاکٹرز کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔
خبر نمبر 6
مفتاح اسماعیل نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبروں پر خاموشی توڑ دی۔مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنی پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی خبر کو جعلی قرار دیا اور کہا کہ اس خبر میں کوئی سچائی نہیں ہے۔سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ’’ آج اخبار میں پڑھا اور کل ایک ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا کہ میں پی پی پی میں شامل ہونے جا رہا ہوں، یہ خبر سچ نہیں ہے‘‘۔انہوں نے ایکس پر مزید لکھا کہ ’’میں نے فی الحال سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا ہوں‘‘۔