اسلام آباد (ای پی آئی )بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کے انکشاف کے بعد نیپرا نے تمام بجلی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں نیپرا کے دفاتر کو شکایات موصول ہوئی تھیں کہ جولائی اور اگست 2023 میں بجلی صارفین کو زائد، بڑھا چڑھا کر اور غلط بجلی بل بھیجے گئے ہیں۔ ان شکایات پر نیپرا نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کے کلاف تحقیققات کا فیصلہ کیا اور وزارت توانائی کو بھی سماعت کے لیے مدعو کیا۔ اس حوالے سے 13 ستمبر کو سماعت ہوئی جس میں تمام بجلی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران نے آن لائن شرکت کی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران یہ بات نوٹ کی گئی کہ متعدد تقسیم کار کمپنیاں میٹر ریڈنگ وصول کر رہی ہیں، جس کے تحت اسنیپ ریڈنگ صارفین کے بلوں میں درج ریڈنگ سے مختلف ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ دوسرے معاملات میں، میٹر ریڈنگ کی تصویریں یا تو پوشیدہ ہوتی ہیں یا جان بوجھ کر نہیں لی جاتیں۔ اسی طرح، کچھ معاملات کی اطلاع ملی کہ میٹر کی ماہانہ ریڈنگ 30 دن کے بلنگ سائیکل سے آگے کی جا رہی ہے، جس کے نتیجے میں کم استعمال کنندہ صارفین کو اوپری سلیب بلوں کی غیر مناسب/بڑھائی ہوئی چارجنگ کی وجہ سے، زمرہ کو محفوظ سے غیر محفوظ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔


