خبر نمبر 1

کے الیکٹرک سمیت بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کا انکشاف،نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی انکوائری کمیٹی نے بجلی کمپنیوں کی جانب سے اووربلنگ پر تحقیقات مکمل کرلیں۔اعلامیے کے مطابق تحقیقات میں بجلی کمپنیوں کی جانب سے ایوریج بل بھیجنے اور 30 دن سے زائد بلنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد نیپرا نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی کمپنیوں کےخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔نیپرا نے بجلی کمپنیوں کو نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کرلی ہے اور 30 دنوں میں خراب میٹرز کو تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خبر نمبر 2
پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین چمن سے گرفتار،ڈپٹی کمشنر کے مطابق پولیس، لیویز اور ایف سی باب چمن کے قریب معمول کی چیکنگ کررہے تھے کہ منظورپشتین کے ساتھ مسلح افراد نے گاڑی روکنے کے بجائے اہلکاروں پر چڑھائی اور فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی میں منظورپشتین کی گاڑی کے ٹائرپرفائرنگ کی۔منظورپشتین اوران کے ہمراہ مسلح افراد گاڑیاں بھگا کر فرار ہوئے، سرچ آپریشن کے بعد ایک گودام سے منظور پشتین کو گرفتار کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ منظور پشتین کےخلاف درج کرلیاگیا ہے۔
خبر نمبر 3
سلمان بٹ کا افغانستان کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کنسلٹنسی کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ گیا۔سلمان بٹ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلان سے ایک روز پہلے افغانستان کی جانب سے پیشکش ہوئی تھی، سلیکشن کمیٹی کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے بعد افغانستان بورڈ کے ساتھ معاملہ رک گیا۔افغانستان بورڈ نے مجھ سے کنسلٹنٹ کے لیے رابطہ کیا تھا، آئندہ آنے والی سیریز کے لیے پچیس روزہ کیمپ کے لیے کنسلٹنٹ کے طور پر رابطہ ہوا تھا۔
خبر نمبر 4
خضدار میں 5.5 شدت کا زلزلہ، متعدد کچے مکانات گرگئے۔زلزلےکی شدت 5.5 اور گہرائی 60 کلومیٹر زیر زمین تھی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ضلع خضدار کے علاقے گڑھی جو میں پیر کی شام پانچ بج کر 19 منٹ پر زلزلےکے جھٹکے محسوس کیےگئے۔زلزلےکی شدت 5.5 اور گہرائی 60 کلومیٹر تھی، جب کہ زلزلےکا مرکز خضدار سے 160 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
خبر نمبر 5
پشاور میں غیر ملکی سیاح نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔پولیس کے مطابق علاقہ مراد آباد میں اطالوی شہری نے مبینہ طور پر خودکشی کی، غیر ملکی سیاح کی شناخت جو شوا موائسز ورگاس کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹا کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
خبر نمبر 6
7 اکتوبر سے اب تک غزہ کے 19 لاکھ شہری بے گھر ہوگئے۔فلسطینی مہاجرین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے ادارے یو این آر ڈبلیو اے نے بتایا ہے کہ غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہو چکی ہے۔عالمی ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ کے 19 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔یو این آر ڈبلیو اے نے بتایا کہ اس وقت 12 لاکھ بے گھر افراد ادارے کے 156 مراکز میں مقیم ہیں۔
خبر نمبر 7
حارث، اسامہ اور زمان خان کو آسٹریلوی لیگ کھیلنےکیلئے این او سی مل گیا،پی سی بی نے اسامہ میر، حارث رؤف اور زمان خان کو بی بی ایل کے لیے این او سی جاری کیا ہے۔کھلاڑیوں کو مکمل ایونٹ کے بجائے محدود میچز کے لیے این او سی دیا گیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہےکہ این او سی پلیئرز کے ورک لوڈ اور مستقبل کو دیکھ کر جاری کیا گیا ہے۔قومی کرکٹرز کو7 سے 28 دسمبر کے درمیان کا این او سی جاری کیا گیا ہے۔
خبر نمبر 8
انٹربینک میں روپےکی قدر میں اضافہ، ڈالر سستا ہوگیا۔انٹربینک میں اس سے قبل ڈالر 284 روپے97 پیسے پر بند ہوا تھا، انٹربینک میں آج ڈالر کا بھاؤ 44 پیسےکم ہوا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالرکا بھاؤ 50 پیسے کم ہوکر 285 روپے 50 پیسے ہے۔