خبر نمبر 1
نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے لئے لیول پلیئنگ فیلڈ موجود ہے۔نگران وفاقی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حال ہی میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے سیاسی جلسے کئے ہیں، نگران حکومت کے لئے کوئی سیاسی جماعت پسندیدہ نہیں ہے، ہماری کوشش ہے کہ انتخابات صاف و شفاف ہوں، دہشتگردی کے واقعات حکومت کے لئے چیلنج ہیں۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور عوام میں قابلیت ہے دہشتگردی کو شکست دینے کی، اب تک 4 لاکھ سے زائد افغان شہری رضاکارانہ طور پر اپنے ملک جا چکے ہیں، حکومت کی ترجیح کسی ایک ملک کے شہریوں کے خلاف نہیں بلکہ تمام غیرقانونی مقیم تارکین وطن کے خلاف ہے۔
خبر نمبر2
عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے 5 لاکھ 91 ہزار 106 سکیورٹی اہلکار مانگ لئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں آئی جیز نے بتایا کہ دستیاب نفری 3 لاکھ 28 ہزار 510 ہے، آئندہ عام انتخابات کے لئے 2 لاکھ 77 ہزار 558 سکیورٹی اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔الیکشن کمیشن کے وزارت داخلہ کو ارسال کئے گئے خط میں لکھا گیا وفاقی دارالحکومت میں 9 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے، اسلام آباد کیلئے 4500 سکیورٹی اہلکار دستیاب ہیں، شہرِ اقتدار میں 4500 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔
خبر نمبر3
جسٹس عقیل احمد عباسی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نامزدگی کی منظوری،جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں جسٹس عقیل احمد عباسی کی بطورِ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کی منظوری متفقہ رائے سے دی گئی۔جوڈیشل کمیشن اپنی سفارشات منظوری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائے گا، جسٹس عقیل احمد عباسی اس وقت سندھ ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
خبر نمبر4
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کسی بھی شرط پر عمل نہیں کیا گیا۔سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن رولز میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا باقاعدہ طریقہ کار بتایا گیا ہے، انٹرا پارٹی الیکشن کو پارٹی کا کوئی اہم ممبر رکن چیلنج کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اکبر ایس بابر فی الحال پارٹی کے ممبر نہیں ہیں، پیپلزپارٹی، (ن) لیگ جیسی بڑی جماعتیں انٹرا پارٹی کے نام پر خانہ پری کرتی ہیں۔
خبر نمبر5
اینٹی کرپشن راولپنڈی کو فواد چودھری سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کرنیکی اجازت مل گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی کی جانب سے فواد چودھری کو تفتیش میں شامل کرنے کی اجازت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت کو دی گئی درخواست میں کہا گیا فواد چودھری کو اینٹی کرپشن سرکل میں مقدمہ نمبر 23/23 میں باضابطہ طور نامزد کیا گیا ہے، ملزم فواد چودھری تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا تھا اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم کو فواد چودھری سے باضابطہ تفتیش کی اجازت دی جائے۔
خبر نمبر4
نگران وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مالی ضروریات پوری کرنے سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ کابینہ نے ای سی پی کی بجٹ ضروریات کے لیے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی الیکشن کمیشن کو جاری کی جا چکی ہے۔مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ ای سی پی نے بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔
خبر نمبر5
غیرقانونی اسلحہ اور شراب کیس: علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں علی امین گنڈا پور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب کیس کے معاملہ کی سماعت ہوئی، سول جج صہیب بلال رانجھا نے علی امین گنڈا پور کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 4 جنوری تک ملتوی کر دی۔
خبر نمبر6
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو کہتے ہیں پنجاب میں پیپلزپارٹی کمزور ہے ان کو الیکشن والے دن بھرپور طاقت سے جواب دیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت سے ہی عوامی مسائل حل ہوتے ہیں، جمہوریت ہی ملکی استحکام کا باعث بنتی ہے، دعا ہے آنے والے انتخابات پرامن ہوں۔ پیپلزپارٹی کا ووٹ ہر جگہ موجود ہے، آواز دینے والا تگڑا ہونا چاہئے، ثابت کریں گے پیپلزپارٹی کمزور نہیں آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو بنے گا۔
خبر نمبر7
نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ گوادر کو ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے پاک چین فرینڈ شپ ہسپتال اور ڈی سیلینیشن واٹر پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین فرینڈ شپ کے تحت گوادر میں جدید ہسپتال کی تعمیر یہاں کے عوام کے لئے کسی تحفے سے کم نہیں، گوادر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بھی ایک دیرینہ مسئلہ درپیش رہا ہے۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ڈی سیلینیشن پلانٹ کے قیام سے گوادر کے باسیوں کو روزانہ پانچ لاکھ گیلن پانی میسر آسکے گا، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے ہی وابستہ ہے، بلوچستان کی ترقی کے لئے ہر سطح پر پوری توجہ مرکوز ہے۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں کلیدی کامیابیاں ملی ہیں، سی پیک 2014ء سے 2030ء کا بڑا منصوبہ ہے، پاکستان اور چین کے درمیان قابل قدر شراکت داری کو مزید پائیدار خطوط پر استوار کیا جائے گا۔


