اسلام آباد (ای پی آئی )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کے چاروں گواہان کے بیانات قلمبند ہوگئے۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت ہوئی، سول جج قدرت اللہ نے سماعت کی۔دوران سماعت خاور مانیکا کے گواہ محمد لطیف نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی بشریٰ بی بی کے گھر آتے تھے اور وہ بشریٰ بی بی کے ساتھ کمرے میں چلے جاتے تھے۔

محمد لطیف نے کہا کہ میں بشریٰ بی بی کے کمرے میں جاتا تھا تو سابق چیئرمین پی ٹی آئی مجھے گالیاں دیتے تھے، مجھے دونوں کہتے تھے کمرے سے باہر چلے جاؤ۔

سول جج قدرت اللّٰہ نے گواہ سے استفسار کیا کہ کیا آپ اتنا رو رو کر کمزور ہوگئے ہیں؟ کیا سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی آپ کو کمرے میں ساتھ بٹھاتے تھے؟

گواہ محمد لطیف نے کہا کہ مجھے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرے میں ساتھ نہیں بٹھاتے تھے، مجھے خاور مانیکا کہتے تھے جا کر انہیں دیکھو۔

بعدازاں عدالت نے کیس کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔