خبر نمبر 1
پشاور: ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب دھماکا، 3 بچوں سمیت 7 زخمی، پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر نجی بینک اور اسکول کے قریب سڑک کنارے نصب دھماکا خیز مواد پھٹ گیا جس سے زور دار دھماکا ہوا، دھماکے سے بینک کے شیشے ٹوٹ گئے اور قریب موجود دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جب کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ترجمان نے بتایا کہ زخمی بچوں کی عمر 7سے 10 سال کے درمیان ہے جن میں سے ایک 9 سالہ بچے کی حالت تشویشناک ہے۔ترجمان کے مطابق زخمیوں میں احمد جان، احسان اللہ، جاوید خان، ظاہراللہ، سعد احمد اور یوسف خان شامل ہیں۔ایس پی ورک ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دھماکا صبح 9 بجکر 10 منٹ پر ہوا جس میں 4 کلوگرام بارود استعمال کیا گیا جب کہ دھماکے کا کون ٹارگٹ تھا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
خبر نمبر 2
امریکی ، افغانستان کی جیلوں میں عافیہ صدیقی کا ریپ کیا گیا، وکیل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے مطابق امریکی جیل میں عافیہ صدیقی سے جنسی زیادتی کا انکشاف، عافیہ کو جیل کے گارڈز نے دو بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، جیل کے قیدیوں کے ہاتھوں عافیہ ان گنت بار جنسی ہراسانی کا نشانہ بنی، ڈاکٹرعافیہ سے بگرام میں جنسی زیادتی بطور تفتیشی حربہ کی گئی، ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیواسٹیفورڈ اسمتھ کے خوفناک انکشافات، حکومت پاکستان کوعافیہ سے کی گئی جنسی زیادتی کے بارے پتا ہے ، امریکی جیلوں میں جو کچھ عافیہ کے ساتھ کیا گیا اس پر مجھے شرمندگی ہے ، امریکی جیلوں جو سلوک عافیہ کے ساتھ کیا جارہا ہے وہ جنسی بدسلوکی کے لحاظ سے ناقابل بیان ہے ، عافیہ نے انہیں جو تفصیلات بتائی ہیں وہ انتہائی تشویش ناک ہیں اور سب سچ ہیں ، امریکی جیلوں میں 10ہزار 250خواتین ہیں، وکیل کی جیو نیوز سے گفتگو، تمام خواتین میں سے جس خاتون کے ساتھ سب سے برا سلوک کیا گیا وہ عافیہ ہے ۔ یہ حکومت پاکستان کی ناکامی ہے کہ وہ عافیہ کو واپس نہیں لا پائی، پاکستان کو امریکا سے عافیہ کی واپسی کے معاملے کو ترجیح دینا ہوگی۔
خبر نمبر 3
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی۔دوسرے ویمن ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 10 رنز سے شکست دی اور 3 میچز کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔پاکستان کے 137 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 127 رنز بنا سکی۔پاکستان کی فاطمہ ثناء نے آخری اوور میں 17 رنز کا دفاع کیا۔قومی ویمن ٹیم نے 6 وکٹ پر 137 رنز اسکور کیے تھے، عالیہ ریاض 32 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہیں جب کہ منیبہ علی نے 35 رنز بنائے۔جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 7 وکٹ پر 127 رنز بنا سکی، فاطمہ ثناء نے 3 اور سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں لیں۔نیوزی لینڈ کی جارجیا پیمر نے 28 جب کہ ہینا رو نے 33 رنز بنائے، سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
خبر نمبر 4
سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلیت سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سابق چیئرمین تحریک انصاف کو پارٹی عہدے سے ہٹانے سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل شعیب شاہین الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔شعیب شاہین نے اپنے دلائل میں کہا کہ ہم نے انٹرا پارٹی انتخابات کا ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ہے، اب اس کیس کو ختم ہو جانا چاہیے، قانونی طور پر یہ معاملہ ختم ہو گیا کیونکہ پارٹی کا نیا چیئرمین آگیا ہے۔اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ خالد محمود کو موقع دے رہے ہیں وہ نئے چیئرمین کے خلاف بھی پٹیشن دائر کرے۔
خبر نمبر 5
اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں 2 اسکولوں پر بمباری ، 50 فلسطینی شہید، سیکڑوں زخمی، اسرائیل نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف کارروائی کے نام پر زمینی جنگ کا دائرہ جنوبی غزہ تک بڑھا دیا، درجنوں ٹینک ،بکتر بند گاڑیاں اور بلڈوزر خان یونس پہنچا دیے ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں 2 اسکولوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، اسکولوں میں سیکڑوں بےگھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔فلسطینی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیا اور ہبرون میں چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔
خبر نمبر 6
خیبرپختونخوا: اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد غیر قانونی مقیم افغان شہری وطن لوٹ گئے۔خیبرپختونخوا سے اب تک 2 لاکھ55 ہزار 29 غیرقانونی مقیم غیر ملکی افغانستان واپس جاچکے ہیں۔محکمہ داخلہ کے مطابق طورخم کے راستے اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 50 ہزار 814 تارکین وطن واپس افغانستان پہنچے ہیں جب کہ انگور اڈہ بارڈر کے راستے 3 ہزار 516 افراد اور اسی طرح خرلاچی بارڈر سے 698 غیرقانونی مقیم غیرملکی اپنے وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔محکمہ داخلے کے اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا سے 2 لاکھ 55 ہزار 29 تارکین وطن افغانستان واپس لوٹ گئے ہیں۔
خبر نمبر 7
لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی، ساتویں نمبر پر آگیا۔لاہور میں اسموگ کی شدت میں کمی ریکارڈ کی جارہی ہے اور لاہور میں صبح 8 بجے سے پہلے پارٹیکولیٹ میٹر کی تعداد 164 ریکارڈ کی گئی ہے۔اس کے علاوہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ سمیت وسطی پنجاب میں اسموگ کے باعث شہریوں کو نزلہ، زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ادھر لاہور میں اسموگ پر قابو پانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ نے باربار آلودہ دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو 10،10لاکھ جرمانہ کرنےکی ہدایت کی ہے۔
خبر نمبر 8
تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں۔ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جلد ہی الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے والا ہے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق دستاویزات الیکشن کمیشن میں جمع کرادی ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف کورکمیٹی نے قومی انتخابات کے لیے فنڈز کے عدم اجرا پر اظہار تشویش کیا ہے۔تحریک انصاف نے نگران حکومت سے عام انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری فنڈز جاری کرنےکا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
خبر نمبر 9
مصنوعی بارش برسانے والے طیارے ہی نہیں، پنجاب حکومت کا پروگرام کھٹائی میں پڑ گیا۔ملک میں مصنوعی بارش برسا نے والے طیارے ہی موجود نہیں ہیں۔پلانٹ پروٹیکشن کے چیف پائلٹ کیپٹن زمان چیمہ کاکہنا ہے کہ ان کے پاس صرف ٹڈی دل کے تدارک اور فصلوں پر اسپرے کرنے والے طیارے ہیں۔والٹن ائیرپورٹ پر کروڑوں روپے کے طیارے ناکارہ ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ آج 5 دسمبر منگل کو بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر ہے۔


