خبر نمبر 1
پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن میں دائر درخواست کے مطابق درخواست گزار سابقہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل اسلام آباد تھے اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا انتخابات لڑنے کے خواہشمند تھے۔درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا انتخابات کا کوئی شیڈول آیا نہ ووٹرز فہرستیں اور مرکزی سیکرٹریٹ میں کوئی سرگرمی بھی نہیں ہوئی۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں سیکرٹری جنرل کا انتخابات لڑنا چاہا مگر شیڈول کا پتہ نہ لگ سکا، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں رپورش اوراسیر رہنما منتحب ہوئے۔درخواست گزار کی جانب سے الیکشن کمیشن سے استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات قانون و پارٹی آئین کے مطابق نہیں کرائے، تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
خبر نمبر 2
شمالی غزہ میں 2 سکولوں پر بمباری، 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید،اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے الدرج کے 2 سکولوں کو نشانہ بنایا، حملے میں 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، سکولوں میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ، خان یونس، شجاعیہ اور رفاہ میں بھی فلسطینیوں کی پناہ گاہوں، سکولوں، تجارتی مال اور رہائشی عمارتوں پر بھی بمباری کی۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت آ گئی ہے، دو روز میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اب تک اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔
خبر نمبر 3
سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی،انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں توڑ پھوڑ پر درج مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، پی ٹی آئی وکیل خالد یوسف چودھری عدالت پیش ہوئے۔خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے رخصت پر ہونے کے باعث کارروائی نہ ہوسکی، عدالت نے مزید کارروائی کیلئے سماعت 11 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
خبر نمبر 4
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی رات گئے میوہسپتال پہنچے، انہوں نے چلڈرن ایمرجنسی اور مین ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں پر پیشرفت کاجائزہ لیا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ایمرجنسی میں موجود خواتین سے بچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔محسن نقوی چلڈرن ایمرجنسی میں گئے تو وہاں فلورز پر مزدور غائب تھے اور کوئی کام نہیں ہو رہا تھا، وزیراعلیٰ نے چلڈرن ایمرجنسی کے فلورز کی اپ گریڈیشن کا کام 3 شفٹ میں کرنے کی ہدایت کی۔
خبر نمبر 5
سال 2024ء میں حج کے لیے کورونا ویکسین کی شرط ختم کردی گئی۔وزارت مذہبی امور کے مطابق حج 2024ء کے لیے عازمین حج کو کورونا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک میں سرکاری سکیم کے تحت حج کے لیے درخواستوں کی وصولی جاری ہے، حج درخواستیں 15 بینکوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی 12 دسمبر تک جاری رہے گی، اس مرتبہ 89 ہزار 605 پاکستانی سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔
خبر نمبر 6
لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الہٰی کو گھر بحفاظت نہ پہنچانے کے خلاف ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی غیر مشروط معافی منظور کر لی۔واضح رہے کہ چودھری پرویز الہٰی نے ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انوسٹی گیشنز سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی، دونوں پولیس افسران نے توہین عدالت کی درخواست پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی تھی۔
خبر نمبر 7
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج رضاکاروں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، ہر سال آج کے دن مدد گاروں کو معاشرے میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے کار خیر میں حصہ ڈالنے پر خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔دن ہو یا رات، آفات ہوں یا سانحات، حب الوطنی اور جذبہ انسانیت سے سرشار ریسکیو رضا کاروں کی خدمات کو جتنا بھی سراہا جائے کم ہے لیکن 5 دسمبر کے دن خصوصی طور پر ان کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے، پہلی بار اقوام متحدہ کی جانب سے 1985ء میں یہ دن منانے کا اعلان کیا گیا۔
خبر نمبر 8
امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نو سٹرائیک زونز پر حملے نہیں کرے گا، یرغمالیوں کی رہائی کیلئے دباؤ جاری رکھیں گے۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکا چاہتا ہے غزہ میں جہاں حماس کی پناہ گاہیں نہیں وہاں اسرائیل حملے نہ کرے، حماس نے اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کرنے سے انکار کر دیا مگر امریکا غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کیلئے دباؤ جاری رکھے گا۔دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں کا جائزہ لے رہا ہے، ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسرائیل امریکا کے مطالبات نہیں مان رہا، جلد پتا چل جائے گا کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کے تحفظ کے مطالبات مان رہا ہے یا نہیں۔
خبر نمبر 9
روس یوکرین جنگ کے دوران ایک اور روسی جنرل ہلاک، مقامی گورنر کی تصدیق،غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرین کی سرحد سے متصل روسی علاقے ورونیزھ کے گورنر نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج سے لڑائی میں میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی مارے گئے ہیں۔روسی گورنر کے مطابق میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی روسی آرمی کی 14 ویں کور کے ڈپٹی کمانڈر تھے اور ان کی ہلاکت ایک خصوصی آپریشن کے دوران ہوئی، روسی عہدیدار نے اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی۔روسی گورنر نے میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق ٹینک کمانڈر تھے، ان کی موت بھاری نقصان ہے۔
خبر نمبر 10
وفاقی حکومت نے دودھ، گائے اور بکر ے کے گوشت کی قیمت مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی پالیسی تیار کر لی۔وفاقی حکومت کی جانب سے دودھ، گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار کسان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت برائے غذائی تحفظ نے نرخ مقرر کرنے کا حکومتی اختیار ختم کرنے کی پالیسی تیار کر لی۔تینوں اہم اشیائے ضروریہ کی قیمت کا تعین نجی شعبہ کو دینے سے متعلق پالیسی حکومتِ پنجاب کو بھجوا دی گئی، فیصلہ صوبائی حکومتوں کے فیصلے سے مشروط ہے۔پالیسی متن کے مطابق دودھ، گائے اور بکرے کے گوشت کی قیمت مقرر کرنے کا اختیار نجی شعبے کو ملنے سے تینوں اشیائے ضروریہ کی قیمت کم اور پیداوار میں اضافہ ہوگا، مقابلے کے لئے سازگار فضا بھی جنم لے گی۔متن میں مزید لکھا گیا کہ قیمت مقرر کرنے کا حکومتی اختیار نجی سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی کا باعث ہے، تینوں اشیاء کی قیمت کم کرنا ملاوٹ کے رجحان کو بھی جنم دیتا ہے، مویشی پالنے والے نوے فیصد لوگ غریب ہیں، قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار انہیں دینا پورے معاشرے کو سبسڈی فراہم کرنا ہے۔
خبر نمبر 11
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین مسرور خان کا کہنا ہے ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر 10 سال تک قید ہو گی۔مسرور خان نے ایف پی سی سی آئی میں ایل پی جی سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی کا 1.3 فیصد ذریعہ ایل پی جی ہے، ملکی گیس 3 ارب ایم ایم ایس ایف ڈی رہ گئی ہے، ملک میں 28 لاکھ سلنڈرز کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈرز کا معیار چیک کرنے کے لئے لیبارٹری لگائیں گے، ایل پی جی قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے اور 10 سال تک قید ہو گی۔


