خبر نمبر 1
پنجاب حکومت کا لرنر ڈرائیونگ لائسنس کی فیس ایک ہزار روپے کرنے کا فیصلہ،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کا 33 واں ا جلاس ہوا، پنجاب کابینہ نے ڈرائیونگ لائسنس کی فیسوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔ڈرائیونگ لائسنس کی فیس میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا، یکم جنوری سے قبل ڈرائیونگ لائسنس موجودہ شرح فیس سے ہی بنائے جائیں گے، یکم جنوری سے لرنر لائسنس کی فیس 60 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دی جائے گی۔فیصلے کے مطابق ایل ٹی وی، ایچ ٹی وی، پی ایس وی لائسنس فیس کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا جبکہ امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے شہری آن لائن 100 ڈالر ادا کر کے لائسنس بنوا سکیں گے۔

خبر نمبر 2
مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان ملکی معاشی ترقی کا مستقبل میں محور و مرکز ثابت ہوگا۔سابق وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر جعفر خان مندوخیل نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران تنظیمی امور اور عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت ہوئی، بلوچستان میں عام انتخابات بارے سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق اور ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔بلوچستان ہمارا دل اور ہماری جان ہے، بلوچستان کی ترقی کو پاکستان کی ترقی کا ناگزیر تقاضا سمجھتے ہیں، 16 ماہ کی حکومت کے دوران سب سے زیادہ مرتبہ بلوچستان کا دورہ کیا۔

خبر نمبر 3
شمالی غزہ میں 2 سکولوں پر بمباری، 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید،عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے الدرج کے 2 سکولوں کو نشانہ بنایا، حملے میں 50 سے زائد پناہ گزین فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں، سکولوں میں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ، خان یونس، شجاعیہ اور رفاہ میں بھی فلسطینیوں کی پناہ گاہوں، سکولوں، تجارتی مال اور رہائشی عمارتوں پر بھی بمباری کی۔غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت آ گئی ہے، دو روز میں 800 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اب تک اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

خبر نمبر 4
سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق پولیس کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں میں عاصمہ صغیر، محمد قادر، ممتاز، غلام مصطفیٰ اور دیگر شامل ہیں۔دوران سماعت پولیس نے رپورٹ پیش کی تاہم عدالت نے پولیس کی رپورٹ کو اسٹیریو ٹائپ قرار دے کرمسترد کر دیا۔لاپتا افراد کی بازیابی میں پیشرفت نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پولیس کی رپورٹ روایتی ہے، پولیس لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے کیوں کچھ نہیں کرتی؟عدالت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے اقدامات مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

خبر نمبر 5
انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتوں کی بحالی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس سمیت 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے مقدمات کی سماعت کی۔عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس حملے سمیت دیگر 6 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانتوں کی بحالی کیلئے دائر درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

خبر نمبر 6
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔نگران وزیرِ اعظم نے پشاور میں ورسک روڈ پر دھماکے کی شدید مذمت کی اور متعلقہ حکام کو دھماکے میں زخمی بچوں کو بہترین طبّی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کی صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔