اسلام آباد(ای پی آئی )شوہر کی جانب سے بیوی کو حق مہر کی ادائیگی کرنے کے حکم کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ،عدالت نے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے شوہر کو جرمانہ اور حق مہر کی ادائیگی کا حکم دیدیا
تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے خاتون کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتون جب تقاضا کرے شوہر حق مہر کی ادائیگی کا پابندہوگا،
حق مہر شرعی تقاضا ہے جس کا تحفظ ملکی قوانین میں بھی موجود ہے،حق مہر کی ادائیگی کا وقت نکاح نامہ میں مقرر نہ ہو تو بیوی کسی بھی وقت تقاضا کر سکتی ہے۔
عدالت کی جانب سے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بیوی کو حق مہر کے حصول کیلئے مقدمہ کرنا پڑا جو 6سال بعد سپریم کورٹ پہنچا ،غیرضروری اپیلیں دائر کرنے سے عدالتی نظام مفلوج ہوتا جارہا ہے،بلاوجہ کی مقدمہ بازی ختم کرنے کیلئے عدالتوں کو جرمانہ کرنے سے ہچکچانا نہیں چاہئے،
عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے حق مہر میں تاخیر پر خاوند پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا اور خالد پرویز کی اہلیہ ثمینہ کو حق مہر کی ادائیگی کے حکم کیخلاف اپیل خارج کر دی۔


