خبر نمبر 1
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کا فیصلہ سنا دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے پہلے سے محفوظ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے اسد عمرکے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا فیصلہ تاحال نہیں سنایا گیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہو گی۔وزارت داخلہ کو 2 روز میں انتظامی رپورٹ تیار کر کے الیکشن کمیشن میں پیش کرنےکا حکم
2
جسٹس مظاہرکیخلاف ریفرنس کا معاملہ: جسٹس اعجاز کو جوڈیشل کونسل سے الگ کرنے کیلئے درخواست دائر،میاں داؤد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور سیکرٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو فریق بنایا گیا ہے جب کہ درخواست کےساتھ سابق سی سی پی او غلام محمود ڈوگرکے مقدمے کی آرڈرشیٹ بھی منسلک ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ جسٹس اعجاز کو جسٹس مظاہرکے خلاف شکایت سننے والی کونسل سے الگ ہوناچاہیے، ان کی جگہ دوسرے سینئرجج کو سپریم جوڈیشل کونسل کاحصہ بنایا جائے۔شکایت کنندہ اور عوام کو یہ تاثر ہےکہ جسٹس اعجاز کونسل میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرسکیں گے، جسٹس اعجاز کا جسٹس مظاہرکو شوکازجاری کرنے سے دوبار اختلاف جانبداری کومزید مضبوط کرتا ہے۔
3
پاکستانی شہریوں سے شادی کرنیوالے افغان مہاجرین کیلئے رولز میں نرمی کرنا چاہیے: عدالتی فیصلہ جاری۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد نے 33 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں لکھا گیا ہے کہ پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والے افغان مہاجرین کیلئے رولز میں نرمی کرنا چاہیے اور پاکستان اوریجن کارڈ کیلئے تمام درخواستیں جزوی طور پر منظور کی جاتی ہیں۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار پی او سی کیلئے متعلقہ فورم میں طریقہ کار کے تحت درخواستیں دیں، افغان مہاجرین چار دہائیوں سے یہاں رہ رہے ہیں، افغان مہاجرین کی پی او سی کیلئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ لازمی قرار نہ دیا جائے۔
4
صحتیابی کے بعد نسیم شاہ نے بولنگ شروع کر دی، پی سی بی کی اپ ڈیٹ جاری،نسیم شاہ نے آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیبلیٹیشن کے آخری مرحلے کا آغاز کردیا ہے، کرکٹر کا ری ہیب ایک اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، ایک فزیوتھراپسٹ اور ایک ڈاکٹر کی نگرانی میں جاری ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فی الوقت نسیم شاہ ہلکی جم ایکسر سائز اور جزوی بولنگ کر رہے ہیں،کل سے بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔
5
ذوالفقار بھٹو کی پھانسی عدالتی قتل قرار دینے کا ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کرنےکا فیصلہ،ذوالفقار بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر ہونے کا امکان ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت لارجر بینچ کرے گا۔صدارتی ریفرنس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہو گی۔2011 میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے اس وقت کے صدر آصف علی زرداری کے ذریعے سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق ریفرنس دائر کیا تھا۔اس وقت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اپنی سربراہی میں 11 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جس نے 3 جنوری 2012 سے 12 نومبر 2012 تک کیس کی 6 سماعتیں کیں لیکن کوئی فیصلہ نہ دیا۔اب تقریباً 11 برس کے طویل عرصے بعد ریفرنس دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہونے جا رہا ہے۔
6
ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ 2005 سے متعلق کیس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہائیکورٹ کیسے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے سکتی ہے۔ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ 2005 سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا سپریم کورٹ نے ایکسائز ڈیوٹی ایکٹ 2005 کا سیکشن 3 اے 2011 میں درست قرار دیا، 2013 میں سندھ ہائیکورٹ نے اسی نوٹیفکیشن کو غیر آئینی کیسے قرار دیا؟ ہائیکورٹ سپریم کورٹ کا فیصلہ کیسےکالعدم قرار دے سکتی ہے؟
7
پی ٹی آئی رہنما حامد خان نے غیر شرعی نکاح کیس میں گھریلو ملازم کا بیان سامنے آنے کے بعد اس پر ردعمل دیا ہے۔حامد خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے بیان کی اہمیت نہیں تو ملازم کے بیان کی کیا اہمیت ہوگی۔پارٹی الیکشن سے متعلق انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات ویسے ہی ہیں جیسے باقی پارٹیوں نے کرائے، (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے عہدیداران بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔ ان لوگوں کو پی ٹی آئی کے انتخابات پر کیا اعتراض ہے؟ (ن) لیگ کہتی ہے کہ 2018 میں اسے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، ہمارا دعویٰ ہے کہ ہمیں تو میدان ہی نہیں ملا۔