پشاور(ای پی آئی ) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا دورہ پشاور کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فرض خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔
انھوں نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور افسران و جوانوں کی بے مثال کارکردگی کوسراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پہلی بار منعقد ہونے والی قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا (NWKP-1) کے شرکاسے بھی خصوصی خطاب کیا۔
شرکاسے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔آرمی چیف نے پاکستان کی خوشحالی کو خیبرپختونخوا سے جوڑتے ہوئےزور دیا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نئے ضم شدہ اضلاع میں اقتصادی ترقی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، غیر قانونی غیر ملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔


