اسلام آباد (ای پی آئی )قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی تمام آئینی و قانونی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہے شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے پوری طرح تیار ہے چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا،
انھوں نے کہا کہ پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی عوام الناس سے اپیل ہے کہ آپ مکمل رازداری اور شفافیت کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں،
انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ چند روز میں ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا، الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے کہ دورانِ الیکشن آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پُرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں گے ۔عوام کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے، اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے یہ بھی کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لیں، انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔


