اسلام آباد(ای پی آئی )پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پیش کر دیا گیا ۔عدالت نے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔
تفصیل کے مطابق 4 دسمبر کو باب چمن پر پولیس ،لیویز اور ایف سی کے اہلکاروں پر فائرنگ کے نتیجے میں گرفتار کئے گئے منظور پشتین کو انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش کیا گیا ، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی
دوران سماعت پولیس کی جانب سے منظور پشتین کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر منظور پشتین کے وکیل نے موقف پیش کیا کہ بلوچستان میں منظور پشتین کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جلسہ کرنا ہمارا حق ہے۔ٕٕ
وکیل نے مزید کہا کہ منظور پشتین کو بلوچستان سے اغواء کیا گیا اور آج 3 دن بعد پیش کیا گیا ہے، میرے مؤکل کا جسمانی ریمانڈ نہیں بنتا۔
بعدازاں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پولیس کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے منظور پشتین کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔


