لاہور (ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ۔
سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی گئی ہے ۔دائر درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس 10 جون کو قانون اور آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن کرائے۔الیکشن کمیشن نے20 دن کے اندر دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا غیر قانونی حکم پاس کیا۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ا لیکشن کمیشن کا حکم غیر قانونی اور آئین کے بھی منافی ہےلاہور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم کالعدم قرار دے،
دائر درخواست میں عدالت سے 10 جون 2022 کو کرائے گئے انٹرا پارٹی الیکشن کودرست قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے حکم پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 2 دسمبر کو دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کروائے گئے اور تحریک انصاف کے بیرسٹرگوہر بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے
جبکہ دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن پر بھی پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں نے اعتراضات اٹھائے ہیں اور الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف درخواستیں دائر کر دی ہیں


