خبر نمبر 1
یو این سیکرٹری جنرل کا سلامتی کونسل کو خط، غزہ میں جنگ بندی کیلئے آرٹیکل 99 کا سہارا لے لیا۔انتونیو گوتریس کی جانب سے سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں جنگ بندی پر زور دے، غزہ کی صورتحال اس طرف بڑھ رہی ہے جہاں سے کوئی واپسی نہیں، موجودہ صورتحال پر قابو نہ پایا تو خطے اور عالمی امن پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

خبر نمبر2
افغانستان سے 23 تنظیمیں پاکستان سمیت 53 ممالک میں دہشتگردی کرتی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان سے دہشتگردی کا نشانہ بننے والوں میں پاکستان سر فہرست ہے، 23 میں سے 17 دہشتگرد تنظیمیں صرف پاکستان کو نشانہ بناتی ہیں جب کہ یہ تنظیمیں امریکا اور چین سمیت 53 ممالک میں بھی دہشتگردی کرتی ہیں۔ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی پھیلانے والی تنظیموں میں کالعدم ٹی ٹی پی،جماعت الاحرار اور بلوچ دہشتگرد تنظیمیں سر فہرست ہیں۔
خبر نمبر3
یہ بڑ ا اچھا موقع ہے جنرل باجوہ عدالت میں جاکربتائیں بانی پی ٹی آئی کوکس طرح لایا گیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں جاوید لطیف نے کہا کہ ایک شخص کہتا ہے سائفرکیس میں جنرل (ر) باجوہ اور امریکی نمائندے کو بلواؤں گا، میں سمجھتا ہوں یہ بڑا اچھاموقع ہےکہ جنرل باجوہ عدالت جائیں۔
خبر نمبر4
ڈالر کی قیمت میں کمی کی وجہ سے مارکیٹ میں سریے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور فی ٹن سریے کی قیمت 3 لاکھ 5 ہزار سے کم ہوکر 2 لاکھ 45 ہزار روپے ہوگئی ہے۔اس وقت مارکیٹ میں لوکل سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 45 ہزار ر جب کہ برانڈڈ سریے کی فی ٹن قیمت 2 لاکھ 63 ہزار سے 2 لاکھ 65 ہزار روپے فی ٹن تک آگئی ہے۔
خبر نمبر5
عالمی منڈی میں خام تیل اور گیس کی قیمت میں کمی،غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 4 فیصد کمی کے ساتھ 74 ڈالر فی بیرل پر آگیا ہے۔اس کے علاوہ گیس کی قیمت 5 فیصد کمی سے 2.58 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو کی سطح پر ہے۔خام تیل اور گیس کی قیمت عالمی کھپت اور اوپیک پیداوار کی کٹوتی پر شکوک کے سبب کم ہوئی ہے۔
خبر نمبر6
غزہ میں ایندھن کی معمولی سپلائی کی اجازت، صیہونی فورس کا خان یونس میں آپریشن،اسرائیل نے غزہ میں ایندھن کی معمولی سپلائی کی اجازت دے دی۔خلیجی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی سکیورٹی کیبنٹ نے غزہ کی پٹی میں ایندھن کی معمولی سپلائی کی اجازت دی۔خلیجی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی سکیورٹی کیبنٹ نے غزہ میں انسانی بحران پر قابو پانے اور جنوبی غزہ میں بیماریاں پھوٹنے سے بچانے کے لیے ایندھن کی سپلائی کی اجازت دی۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں 16 ہزار 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
خبر نمبر7
مسلمان حکمرانوں کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 1970 میں لاہور میں قرارداد پاس ہوئی، جس میں کہا گیا کہ اسرائیل کا فلسطین کی سرزمین پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔کراچی میں حرمت مسجد اقصیٰ کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلمان حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امریکا اگر خطے میں طاقت کا استعمال کرتا ہے تو چین اور روس کو طاقت کے توازن کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔