خبر نمبر 1
2018 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے شکور شاد نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔شکور شاد نے اپنے بیان میں بتایا کہ لیاری سے آزاد پینل بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں بلال سلیم قادری صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے جبکہ میں قومی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑوں گا۔ 2018 کی طرح آئندہ انتخابات میں بھی ان کی ضمانت ضبط کریں گے، اسمبلی تحلیل کے بعد ہمیں پارٹی میں شمولیت کی آفر آئی تھی۔
خبر نمبر2
کراچی سٹی کونسل کا اجلاس ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کی نذر ہوگیا
کومتی اور حزب مخالف کے اراکین میں پہلے تلخ کلامی ہوئی اور پھر نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔اجلاس میں بینر اٹھائے اپوزیشن اراکین ’گٹر کے ڈھکن دو‘ اور ’پانی دو‘ کے نعرے لگاتے رہے جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین ’زکوت چور‘ اور ’فطرہ چور‘ کے پلے کارڈز ایوان میں لے آئے۔رہنما پیپلز پارٹی نجی عالم نے ’قبضہ میئر‘ کا پلے کارڈ چھین کر پھاڑ دیا جس پر جماعت اسلامی کے ارکان نے ان کا گھیراؤ کیا۔ اس دوران ایوان مچھلی بازار بنا رہا۔ میئر مرتضیٰ وہاب نے شور شرابے کے دوران اجلاس ملتوی کر دیا۔
خبر نمبر3
وفاقی تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان،وفاق کے زیرنگرانی تمام اسکول اور کالجز 25 سے 29 دسمبر تک بندرہیں گے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق وفاق میں تعلیمی سرگرمیاں یکم جنوری سے بحال ہوں گی۔سندھ کی محکمہ تعلیم نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق تمام سرکاری اور نجی اسکولز 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔
خبر نمبر4
عبوری چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی کا کہنا ہے کہ الیکشن شیڈول سے قبل امیدواروں کااعلان کر دیا جائے گا، جس کو بانی پی ٹی آئی کہیں گےاس کو ٹکٹ ملے گا۔عبوری چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے سیاست اور الیکشن سے متعلق بات ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کےاحکامات پرعملدرآمدہونا چاہیے۔ الیکشن شیڈول سے قبل امیدواروں کااعلان کر دیا جائے گا، امیدواروں کے حوالےسےکمیٹیاں پہلےسےبنی ہوئی ہیں ، جس کو بانی پی ٹی آئی کہیں گےاس کو ٹکٹ ملے گا۔
خبر نمبر5
پاکستان کا ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر جنسی تشدد کے الزامات کا معاملہ امریکا سے اٹھانے کا فیصلہ،ممتاز زہرا بلوچ نے دہشت گردی پر امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اس کو حقائق کے منافی قرار دیا اور کہا کہ انسداد دہشت گردی اور دہشت گردوں کی مالی معاونت پر پاکستانی اقدامات کو دنیا تسلیم کرتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے شہزاد اکبر پر حملے میں کسی پاکستان کے کسی کردار کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری پالیسی نہیں ہے کہ ہم بیرون ممالک مقیم اپنے شہریوں کو نشانہ بنائیں۔
خبر نمبر6
جسٹس مظاہر نقوی کا چیف جسٹس پاکستان کو ایک اور خط،جسٹس مظاہر نقوی نے خط میں لکھا کہ 29 اکتوبر کو شوکاز بھجوایا گیا جبکہ ابتدائی جواب میں، میں نے 3 ممبرز پر اعتراض دائر کیا تھا، مجھے سماعت کا نوٹس بغیر ایجنڈا بتائے جاری کیا گیا، میں نے 2 آئینی پٹیشنز دائر کیں۔انہوں نے خط میں لکھا کہ درخواست سماعت کیلیے مقرر کرنا تو دور ابھی نمبر تک نہیں لگایا گیا، درخواستیں سماعت کیلیے مقرر نہ کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، رجسٹرار کے پاس اختیار نہیں کہ وہ قابل سماعت ہونے کا معاملہ دیکھے۔
خبر نمبر7
پرویز الٰہی کیخلاف کرپشن کیس میں اہم پیش رفت،قومی احتساب بیورو (نیب) نے پرویز الٰہی کے شریک ملزم سب انجینئر خبیب قاسم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جہاں ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دی گئی۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 12 دسمبر کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔خبیب قاسم پر گجرات سمیت دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔ احتساب عدالت کے جج قمر الزمان نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب لاہور نے تحقیقات کیلیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔