خبر نمبر 1
سعودی عرب کا جنگی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق،سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مملکت کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ایک بیان میں طیارہ حادثےکی تصدیق کی ہے۔بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی کے مطابق جمعرات 7 دسمبر کی دوپہر مشرقی علاقے کے شاہ عبدالعزیز ظہران ائیربیس سے معمول کی تربیتی پرواز کے دوران ایف 15 ایس ای طیارے کو حادثہ پیش آیا۔ترجمان کے مطابق حادثے کے باعث طیارے میں سوار دونوں پائلٹ جاں بحق ہوگئے۔
2
پاک امریکا مذاکرات: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا پر تبادلہ خیال،فتر خارجہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات شروع ہوگئے۔ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ کی دفتر خارجہ میں نگران وزیرِخارجہ جلیل عباس جیلانی سے ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا اور پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ امریکا میں آباد کاری کے منتظر 25 ہزار افغانیوں کے انخلا پر گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خاتمے کی حکمت عملی بھی زیر غور آئی۔
3
ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی ، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ جاری،اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم دسمبر کو ختم کاروباری ہفتے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 28.57 کروڑ ڈالر کم ہوکر 12 ارب 10 کروڑ ڈالر رہے۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یکم دسمبر تک اسٹیٹ بینک کے ذخائر 23.68 کروڑ ڈالر کم ہوکر 7.02 ارب ڈالر رہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق یکم دسمبر تک کمرشل بینکوں کے ذخائر 4.89 کروڑ ڈالر کم ہوکر 5.08 ارب ڈالر رہے۔
4
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کا اسرائیل پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیل پر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور جرمنی سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی فوری روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ 13 اکتوبر کو جنوبی لبنان میں امریکی، عراقی اور لبنانی صحافیوں پر 13 اکتوبر کا اسرائیلی حملہ صریح جنگی جرم ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اسرائیل کو خوب پتہ تھا کہ وہ جن لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے وہ سویلینز ہیں۔
5
ڈنمارک میں قرآن پاک کی بےحرمتی غیرقانونی قرار دینےکا بل منظور،ڈنمارک کی پارلیمنٹ میں قرآن پاک کی بےحرمتی روکنے کا بل منظور ہو گیا ہے جس کے بعد ڈنمارک میں عوامی مقامات پر قرآن پاک کی بےحرمتی غیرقانونی ہوگئی ہے۔مبصرین کے مطابق ڈنمارک نے اس قانون کے ذریعے اپنے آزادی اظہار کے قانون اور قومی سلامتی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے