کوہاٹ (ای پی آئی ) پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے جبکہ ایک سیاستدان جیل سےنکلنے اور دوسراجیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ قوم کو بتانا ہوگا کہ قائد عوام کے قتل میں سہولتکار کون تھا، آمر اور کچھ سیاست دان شہید بھٹو کے قتل کے سہولتکار تھے، ایک شخص جیل سے نکلنے کے لیے الیکشن لڑنا چاہتا ہے، پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہ تو کوئی کھلاڑی کر سکتا ہے نا کوئی اور۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں خیبر پختونخوا کنونشن کرنے سے روکا گیا ہے کہا گیا کہ صوبے میں سیکیورٹی خطرات ہیں، کسی اور کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ ہوچکا ہے، لیکن میں یہاں کے کارکنوں اور امیدواروں کا شکر گزار ہوں،
انھوں نے کہا کہ ہماری جماعت کے ورکرز کنونشن تمام خدشات کے باوجود کامیاب رہے، اور ثابت ہوا کہ کے پی میں بھٹو زندہ ہے اور رہے گا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جیالے ہمیشہ الیکشن کے لیے تیار ہیں، ملک کے تمام مسائل کا حل پی پی کے منشور میں موجود ہے، ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مقابلہ سیاستدانوں سے نہیں غربت اور مہنگائی سے ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ ہیں، یہ جماعت اشرافیہ کی نہیں عوام کی جماعت ہے، روٹی، کپڑا اور مکان نعرہ غریب کے مسائل حل کرنے کے لیے دیے، چاہتے ہیں گھر گھر صحت کی سہولیات پہنچائیں۔
بلاول بھٹو کاکہناتھا کہ شہید محترمہ بینظیر اس نعرے سے پہچانی جاتی تھیں کہ بینظیر آئے گی روزگار لائے گی، ہماری وہ واحد جماعت ہے جو مافیا کی نہیں سفید پوش اور غریب طبقات کی نمائندگی کرتی ہے، عوام نے ساتھ دیا توہم 8فروری کو نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرکے نئی سیاست کا آغاز کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم اس لیے الیکشن لڑرہے ہیں کہ بینظیر مزدور کارڈ ملک میں متعارف کرواسکیں، بے روزگار نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دیں، لیکن کچھ لوگ ذاتی مسائل کے حل کیلئے الیکشن لڑرہے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی حکومت بنا رہی ہے، ہم حکومت بناکر عوام کو انکا حق پہنچائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارہویں ترمیم پر نہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عملدرآمد کیا نہ نوازشریف نے، 12سال قبل سابق صدر آصف زرداری نے سپریم کورٹ کو ریفرنس بھیجا تھا، آج ٹھیک 12سال بعد قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا کیس لگ گیا ہے، پورے پاکستان کو معلوم ہے قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہیدبے قصور تھے، ، قوم کو بتانا پڑے گا،اس جرم میں سہولت کار کون تھے؟ ہم انصاف کی امید رکھتے ہیں،قانون اور تاریخ سے انصاف کیا جائے گا