اسلام آباد(ای پی آئی ) بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کی جانب سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے درمیان غیر شرعی نکاح کے خلاف دائر درخواست پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست قابل سماعت قرار دیدی ،فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے
تفصیل کے مطابق غیر شرعی نکاح کیس کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جج قدرت اللہ نے سماعت کی ۔خاور مانیکا کے وکیل رضوان عباسی نے کیس قابل سماعت ہونےپر دلائل دیئے ،
جج قدرت اللہ نے کہاکہ آپ قانون دیکھ لیں، قانون 496 بی کے حوالے سے کیا کہتا ہے؟خاور مانیکا کا بیان آپ دیکھ لیں، بیان میں کچھ بھی نہیں ہے،قانون کے مطابق شکایت کنندہ کے ساتھ 2گواہان لازم ہیں،وکیل درخواست گزار رضوان عباسی نے کہاکہ خاور مانیکا نے بتایا انہیں کسی نے بتایا، 2گواہان خاور مانیکا کو ملا کر تو بن گئے نا،
جج قدرت اللہ نے استفسار کیا کہ کیا میڈیکل ثبوت موجود ہیں؟496بی کا فیصلہ کریں۔
وکیل درخواست گزار نے کیس قابل سماعت ہونے نہ ہونے پر دلائل مکمل کرلئے، جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا
بعدازاں عدالت نے درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئےعدالت نے کہاکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں،سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی ای اٹینڈنس کرائی جائے جبکہ بشریٰ بی بی ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں،عدالت نے مزید سماعت 14دسمبر تک ملتوی کردی۔


