اسلام آباد(ای پی آئی ) سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کے خلاف درج مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست پر عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ۔

تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں پر ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کی

دوران سماعت بشریٰ بی بی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں،سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری بھی عدالت پیش ہوئے،

دوران سماعت وکیل پی ٹی آئی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین کی 3 درخواستوں پر انسداد دہشت گردی عدالت نے ضمانت منظور کر لی ہے ۔جج کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ اے ٹی سی نے کس بنیاد پر بانیٔ پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں منظور کیں؟

پی ٹی آئی کے وکیل نے جواب دیا کہ بانی پی ٹی آئی جائے وقوع پر موجود بھی نہیں تھے، ان کی عدالت پروڈکشن کے لیے عدالت نے رپورٹ طلب کی ہے۔

جج نے استفسار کیا کہ پروڈکشن رپورٹ کہاں ہے؟ پراسیکیوٹر کمرۂ عدالت میں کیوں نہیں؟پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ پولیس جان بوجھ کر بانیٔ پی ٹی آئی کو عدالت میں پیش نہیں کرنا چاہ رہی۔بانی پی ٹی آئی ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوتے رہے،

درخواستِ ضمانت قبل از گرفتاری پر ملزم کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوتا ہے۔جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ عدالت میں پیش کرنے کی رپورٹ طلب کرتا ہوں، آئندہ تاریخ تک طے کرتے ہیں کہ سماعت کہاں ہو گی، بعد ازاں عدالت نے درخواستیں منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں 2 جنوری تک توسیع کر دی