1
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کر لی۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی گئی، قرارداد کے حق میں 153ووٹ پڑے جبکہ 10ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی، 23 ممالک نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔غزہ میں 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کر چکی، شہداء میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں، قرارداد میں جنگ بندی کے علاوہ یرغمال افراد کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔
2
سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس67 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ آج کاروباری روز کے آغاز سے ہی 100 انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے اور 100 انڈیکس 67 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ہے۔پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 589 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جس کے ساتھ ہی 100 انڈیکس 67 ہزار کی حد بھی عبور کر گیا۔روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر بھی تنزلی کا شکار ہے اور انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 53 پیسے کمی ہوئی جس کے بعد امریکی کرنسی 283.25 روپے پر آ گئی ہے۔
3
غیر شرعی نکاح: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ نے بادی النظر میں جرم کا ارتکاب کیا،اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔سینئر سول جج قدرت اللہ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عدالت میں درخواست دائر کی اور الزام لگایا کہ پیری مریدی کے چکر میں رابطہ استوار کیا گیا اور بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ناجائز تعلقات قائم ہو گئے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خاورمانیکا کی شکایت پر سماعت کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبر کو کیا جائے گا، بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، لہٰذا ان سے الیکٹرانک ذرائع سے رابطہ کیا جائے گا اور بشریٰ بی بی ذاتی حیثیت میں 14 دسمبر کو عدالت میں پیش ہوں۔
4
نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کے باعث انتخابات میں تاخیر نہیں ہو گی۔ انتخابات کے ملتوی ہونے کی قیاس آرائیاں درست نہیں، کوئی ایسا ابہام نہیں کہ انتخابات 8 فروری کو نہیں ہوں گے۔ آئین و قانون کو دیکھتے ہوئے انتخابات میں تاخیر کی گنجائش نہیں، مولانا فضل الرحمٰن اپنے خدشات پر سپریم کورٹ یا الیکشن کمیشن جا سکتے ہیں۔امریکی میڈیا کو انٹرویو
5
سپریم کورٹ کا تاحیات نااہلی سے متعلق تمام درخواستیں ایک ساتھ سننے کا فیصلہ،سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی مدت سے متعلق میر بادشاہ قیصرانی کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ نااہلی مدت کے سوال والے تمام کیس جنوری 2024 کے آغاز پر ایک ساتھ مقرر کیے جائیں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کیس زیر التوا ہونے کو الیکشن میں تاخیر کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔
6
افغانستان سے طورخم کے راستے جدید امریکی اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام،کسٹم اور سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے آنے والی گاڑی میں پیاز سے بھری بوریوں سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کرلیے جبکہ افغان ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں ۔برآمد کیے گئے اسلحہ میں جدید امریکی ساختہ ایم فور، کلاشنکوف، میگزین، ہزاروں گولیاں، امریکی رائفل گرنیڈ، نائٹ ویژن سائیٹس اور لیزر بیم شامل ہیں ۔امریکی اسلحہ کی سمگلنگ اور سکیورٹی فورسز کے خلاف امریکی اسلحہ کا استعمال افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کے دعوؤں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے ۔
7
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہےکہ تین بار وزیراعظم بننے والے کو 7سال بعد انصاف ملا، 8 فروری کو عوام اپنی عدالت میں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیں گے۔ ایک 74سالہ رنگیلا بابا جیل میں بیٹھ کرکہہ رہا ہے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں، ایک نوجوان لیڈر جیل سے باہربیٹھ کر کہہ رہا ہے نوازشریف لاڈلا ہے ، یہ 74سالہ بابا بھی کہا کرتا تھا کہ نوازشریف کہتا ہے مجھے کیوں نکالا؟، 16ماہ کی حکومت میں ایک نوجوان لیڈر بھی شامل تھے، وہ نوجوان لیڈر بھی کہہ رہے ہیں کہ نوازشریف کہتے تھے مجھے کیوں نکالا۔ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو
8
قصور ویڈیو سکینڈل کے تین مرکزی مجرمان لاہورہائیکورٹ سے بری،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تینوں مجرمان کی عمر قید کیخلاف اپیلوں پر سماعت کی، مجرمان میں علیم آصف ،حسیب عامر اور وسیم سندھی شامل ہیں، مجرمان کی جانب سے عابد حسین کھچی اور سہیل اصغر ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔عدالت نے ملزمان کی عمر قید کیخلاف اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے تینوں مجرمان کو مقدمے میں بری کردیا۔
9
توہین الیکشن کمیشن کیس: جیل ٹرائل کیخلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فل بنچ تشکیل،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے تین رکنی فل بنچ کی سربراہی جسٹس مس عالیہ نیلم کریں گی جبکہ دیگر بنچ کے ارکان میں جسٹس شہرام سرور چوہدری اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل ہیں ۔فل بنچ 18 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا ، سنگل بنچ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فل بنچ بنانے کی سفارش کی تھی۔
10
بانی پی ٹی آئی کیخلاف اڈیالہ جیل میں آج 3 کیسز سماعت کیلئے مقرر،سائفر کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کریں گے، سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانتوں پر سماعت ہو گی، کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کریں گے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت بھی آج اڈیالہ جیل میں ہو گی۔توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت نثار احمد درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن کرے گا۔
11
العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا مختصر تحریری فیصلہ جاری،اسلام آباد ہائیکورٹ کا مختصر تحریری فیصلہ ایک صفحے پر مشتمل ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگ زیب نے مختصر فیصلہ جاری کیا۔ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور کی جاتی ہے، نواز شریف کی اپیل منظور کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں جاری ہوں گی۔عدالتی فیصلے میں احتساب عدالت کے نواز شریف کو سزا سے متعلق 24 دسمبر 2018ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
12
لاہور: سموگ میں کمی، فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں چھٹا نمبر،آج لاہور میں سموگ کی اوسط شرح 194ریکارڈ کی گئی، مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 392،ڈی ایچ اے کا اے کیو آئی 395 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 7جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جانے کی توقع ہے جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔
13
شاہ نورانی سے واپسی پر زائرین کی وین الٹ گئی، ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہوگئے۔افسوسناک حادثہ حب میں ناگن چڑھائی کے قریب پیش آیا جہاں شاہ نورانی سے کراچی جانیوالے زائرین کی وین تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے بعد جام غلام قادر ہسپتال حب منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع
14
آسٹریلیا کیخلاف پہلا ٹیسٹ: قومی سکواڈ کا اعلان، عامر جمال ،خرم شہزاد کا ڈیبیو،ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی شامل
15
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا رہے گا تاکہ ایک منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے قابل اعتماد راستے کی تشکیل پر زور دیا جائے۔انہوں نے گزشتہ روز انسانی حقوق کونسل کے اجلاس جینیوا میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مملکت غزہ میں جاری مصائب کو مسترد کرتی ہے اور فوری جنگ بندی کی حمایت کرتی ہے۔غزہ کی پٹی کی تلخ حقیقت بین الاقوامی سلامتی اور اقوام متحدہ کے اداروں کی ساکھ کو متاثر کرے گی۔
16
او آئی سی کا بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تشویش کا اظہار، اسلامی تعاون کی تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ نے بھارتی سپریم کورٹ کے 11 دسمبر کے فیصلے پرتشویش کااظہار کیا ہے۔ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ برقرار رکھنے پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تشویش ہے۔جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کو درست قرار دینا باعثِ تشویش ہے ، بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر پر یک طرفہ اقدام برقرار رکھنا بھی تشویش کا باعث ہے ۔ 11 دسمبر کو بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنایا تھا۔