اسلام آباد /کراچی (ای پی آئی )اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 8 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی ہے ۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی طور پر 14 کارروائیوں میں 1 ٹن 74 کلو گرام منشیات اور 1830 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی میں شارعِ فیصل پر کوریئر آفس میں جاپان بھیجے جانے والے پارسل سے 10 کلو آئس جبکہ فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے امین پور انٹر چینج پر گاڑی سے 110.4 کلو گرام افیون اور 403.2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی

اسی طرح لاہور جوہر ٹاؤن میں کوریئر آفس میں قطر کے لیے بک پارسل سے 640 گرام آئس برآمد ہوئی

ترجمان کے مطابق دیگر کامیاب کارروائیوں میں گوادر کے علاقے پیشوکان سے دورانِ کارروائی 130 کلو چرس برآمد کی گئی ہے جبکہ سکھر میں شکار پور روڈ پر ٹرک سے 110 کلو چرس برآمد کی گئی اسی طرح چمن سے 100 کلو چرس جبکہ نوکنڈی چاغی کے غیر آباد علاقے سے 84 کلو افیون برآمد ہوئی ہے۔

باجوڑ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 51.4 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ورسک روڈ پر گاڑی سے 14.4 کلو گرام افیون اور 28.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب برساتی نالے سے 24 کلو چرس برآمد ہوئی ہے۔

ترجمان کے مطابق زخہ خیل خیبر میں 3 ملزمان سے 3.6 کلو گرام چرس جبکہ پشاور ایئر پورٹ پر مسافر کے ٹرالی بیگ سے 0.9 کلو گرام آئس اور لیبر کالونی پشاور میں گاڑی سے 2.4 کلو گرام افیون برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق پاک افغان بارڈر چمن پر پارسل سے 1830 نشہ آور گولیاں برآمد ہوئی ہیں، تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔