لاہور (ای پی آئی ) سموگ کے باعث دنیا بھر میں منفی ریکارڈ بنانے والے پاکستان کے شہر لاہور سے سموگ کے خاتمے کے لئے نگران پنجاب حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے یو اے ای کی مدد سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے ۔
اس حوالے سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور کے تقریباً 10 سے 15 کلو میٹر کے علاقے میں اس بارش کو پلان کیا گیا تقریباً 10 علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوئی ہے
انھوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کا تجربہ ہمارے لیے بہت ضروری تھا جس کیلئے یو اے ای نے سپورٹ کیا، یو اے ای کی ٹیم یہاں موجود تھی، وفاقی حکومت مصنوعی بارش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی
انھوں نے کہا کہ کلاوڈ سیڈنگ کا پہلا مشن کچھ دیر پہلے کیا گیا، شاہدرہ اور مریدکے کی طرف بادل برسائے گئے، مصنوعی بارش کے دوران 48 فلیئرز فائر کیے گئے۔
انھوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کیلئے ہم نے کوئی خصوصی خرچہ نہیں کیا، اس میں صرف پانی کا خرچ ہوا، سموگ کے خاتمے کیلئے اگر خرچہ کرنا بھی پڑتا تو میں دریغ نہ کرتا جب کہ مصنوعی بارش کا صحت پر کوئی نقصان نہیں ہے، اگر نقصان ہوتا تو دبئی اور امریکہ جیسے ممالک یہ نہیں کرتے۔