اسلام آباد(ای پی آئی ) گذشتہ روز ایران کے علاقے راسک ٹاؤن میں راسک پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے میں 11 ایرانی اہلکارجاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہونے پر ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ راسک پولیس ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان دکھ کی گھڑی میں ایران کی حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ دہشت گردی علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، دہشت گردی کا دوطرفہ اور علاقائی تعاون سمیت ہر طرح سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ حملہ صوبہ سیستان بلوچستان میں سرگرم علیحدگی پسند گروپ نے کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے۔