لاہور (ای پی آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے اہم رہنما سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی دعوت پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے محبت، امن اور بھائی چارے کے سفر کے آغاز کی دعوت دیتا ہوں

انھوں نے کہا کہ امید ہے نفرتوں کی سیاست ختم ہو گی وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے، آئین کے اندر ہر چیز کا حل موجود ہے۔ آئین کی پاسداری کرنے والا امر ہوجاتا ہے، 25کروڑ عوام عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں، یہ ادارے ہمارے ہیں، اوریہ فوج بھی ہماری ہے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے تمام ابہام ختم ہوگیا ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، جیسا کہ سپریم کورٹ نے بھی قرار دیا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن پتھر پر لکیر ہے۔ سپریم کورٹ نے بے یقینی کی صورتحال ختم کردی ہے، تاہم سپریم کورٹ کے جج کو نوٹس دینا چاہئے تھا وکیل کو نہیں، وکیل تو اوٹ پٹانگ پٹیشنز فائل کرتے رہتے ہیں، جس پر اکثر اوقات انہیں عدالتوں سے جرمانے بھی کیے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ سردار لطیف کھوسہ تقریباً 5 دہائیوں سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ وابستہ رہے اس دوران پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے انھیں گورنر پنجاب بنانے کے علاوہ دیگر عہدوں سے بھی نوازا گیا لیکن سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے کیسز کی وکالت کرنے اور شہباز شریف حکومت کا حصہ بننے پر پاکستان پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے پر لطیف کھوسہ بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی تھی جس کے بعد سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی دعوت پر باقاعدہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی