راولپنڈی(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت منظوری کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے نظر بندی کے احکامات جاری کئے جس پر پی ٹی آئی رہنما کو اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی پنجاب پولیس نے ایک بار پھر گرفتار کر لیا ۔

پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار شاہ محمود قریشی کو زبردستی گرفتار کر کے بکتر بند گاڑی میں بیٹھا رہے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی کی گرفتاری کے بعد ان کی بیٹی مہربانو نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو جس طریقے سے گرفتار کیا گیا اس پر بے حد افسوس ہے

انھوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے دوبارہ گرفتاری کے حوالے سے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ انھیں گرفتار کیا جائے گا ۔انھوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ عدالتی احکامات کا مذاق اڑایا جا رہا ہے