اسلام آباد (ای پی آئی ) پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم ) کے رہنما منظور پشتین کی جانب سے ضمانت اور مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ،عدالت نے ایف آئی اے کو منظور پشتین سے جیل میں تفتیش کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیل کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے منظور پشتین کی ضمانت اور دیگر مقدمات کی تفصیلات کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے دوران سماعت ایف آئی اے کو منظور پشتین سے جیل میں تفتیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ قانون یہ ہے کہ جب ایک بندہ پہلے ہی گرفتار ہو تو بس مقدمہ آگے چلائیں، یہ نہیں ہوتا کہ ملزم ایک مقدمے میں چھوٹ کر باہرآئے تو پھر گرفتار کریں، ایک کیس میں گرفتار شخص پردوسرے کیس میں گرفتاری ڈال کرجیل میں تفتیش ہوسکتی ہے،
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس میں مزید کہا کہ پولیس ایسے اقدام نہ کرے کہ حکومت بدلے اور انکوائری ہو تو ان کا کیرئیر تباہ ہو جائے، ایف آئی اے جیل میں تفتیش کرے ورنہ مقدمہ ختم کرنے کا آرڈر دیں گے۔


