لاہور (ای پی آئی )مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ نے ملک بھر سے امیدواروں سے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کر لیا ،ملک بھر سے 2300 امیدواروں نے انٹرویوز دیئے
تفصیل کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ایک اور جمہوری وانتخابی سنگ میل کامیابی سے عبور کرلیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 2 دسمبر 2023سے شروع ہونے والے پارلیمانی بورڈ کے انٹرویوز کا سلسلہ آج مکمل ہوگیا ہے جس میں ملک بھر سے 2300 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے۔ اس حوالے سے پارٹی قائد محمد نوازشریف اور صدر شہبازشریف کی زیرصدارت پارلیمانی بورڈ نے طویل نشستوں پر مشتمل اس جمہوری مشق کو انجام دیا۔
مریم اورنگزیب کے مطابق امیدواروں سے انٹرویز کا مرحلہ تقریبا 184 گھنٹے پر محیط تھا جس میں مرد وخواتین تمام امیدواروں کو بڑی تسلی سے سنا گیا، ان کی سفارشات اور تجاویز پر غور کیاگیا ۔
انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی واحد جماعت ہے جو مشاورت کے اتنے بڑے، وسیع اور جامع عمل سے گزری۔ اِن شاءاللہ پارلیمانی بورڈ جلد ہی اپنے حتمی فیصلوں کا باضابطہ اعلان کرے گا ۔
جبکہ دوسری جانب ذرائع کے مطابق این اے 121 میں ٹکٹ کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں ایاز صادق اور شیخ روحیل اصغر میں شدید اختلافات سامنے آئے ہیں ۔اور این اے 121 کے حلقے سے شیخ روحیل اصغر نے ٹکٹ نہ ملنے کی صورت میں بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے