اسلام آباد (ای پی آئی ) الیکشن کمیشن کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس کا ٹرائل جیل میں کرنے کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ،عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیازنے سماعت کی ، فواد چوہدری کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈوکیٹ عدالت کے سامنے پیش ہوئے دوران سماعت ہم نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کو روکنے کی درخواست دائر کی ہے،الیکشن کمیشن کا توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل خلاف قانون ہے،توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کا الیکشن کمیشن کے پاس کوئی اختیار نہیں،

انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن جیل ٹرائل کیا جارہا ہے،بانی پی ٹی آئی کے خلاف جیل ٹرائل کی وجہ سے میرے موکل کا بھی جیل ٹرائل کیا جارہا ہے، ہم جیل ٹرائل کے لیے وہاں جاتے ہیں تو باڈی سرچ کرتے ہیں، قلم تک جانے کی اجازت نہیں ہوتی،

انھوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ہماری کولیگ سوزین جہان خان ایڈووکیٹ کو بھی جیل انتظامیہ کی جانب سے ہراساں کیا گیا،

عدالت نے خاتون وکیل کو ہراساں کرنے پر جیل انتظامیہ کو بھی نوٹس جاری کر دیا ،بعد ازاں نے عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی