اسلام آباد (ای پی آئی ) سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوہاٹ کے حلقہ پی کے 91 کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ،

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ کے 27 دسمبر 2023 کو دیئے گئے حکمنامے کی وجہ سے انتخابی عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا ۔جس پر سپریم کورٹ کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے الیکشن کے عمل کی معطلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا گیا ہے ۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق حلقہ پی کے 91 میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 5 جنوری 2024 تک ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 9 جنوری 2024 مقرر کی گئی ہے ۔


امیدواروں کی جانب سے دائر کردہ اپیلوں پر اپیلٹ ٹربیونل 16 جنوری 2024 تک فیصلے کریں گے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی 17 جنوری 2024 کو لسٹ شائع کی جائے گی جبکہ امیدوار 18 جنوری 2024 تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے ۔

الیکشن کمیشن کے نظر ثانی شیڈول کے مطابق 19 جنوری کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے