کراچی /اسلام آباد /لاہور /ملتان (ای پی آئی ) الیکشن 2024 کے سلسلہ میں امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کو ریٹرننگ افسران کی جانب سے مسترد کرنے کے فیصلوں کے خلاف الیکشن ٹربیونلز کے پاس اپیلیں دائر کرنے کے بعد الیکشن ٹربیونلز کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے کرنے کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔

اس حوالے سے سابق وفاقی وزیر داخلہ سمیت متعدد شخصیات کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو معطل کرتے ہوئے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دیدی ہے ۔

اس سلسلہ میں سابق وفاقی وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی جانب سے دائر اپیل پر الیکشن ٹربیونل نے تمام اعتراضات مسترد کر تے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 56 سے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے ہیں جبکہ شیخ رشید کے حلقہ این اے 57 سے بھی کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے گئے اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں دائر اپیل پر ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سبطین خان کو صوبائی حلقہ پی پی 88 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی

جبکہ این اے 55 سابق وزیر اعجاز الحق کی اپیل بھی منظور کر لی گئی الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ معمولی باتوں پر پہلی بار کاغذات نامزدگی مسترد ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

اسی طرح کراچی میں الیکشن ٹریبونل نے این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی اپیل منظور کر لی اور الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے ۔

جبکہ لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ میں قائم اپیلیٹ ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے این اے 175 سے ذوالفقار دستی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور بھی کر لئے ہیں ۔

اس کے علاوہ سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے میانوالی کے حلقے این اے 89 سے کاغزات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف دائر اپیل سماعت کے لئے منظور کر تے ہوئے ریٹرننگ افسر سمیت دیگر فریقین کو 7 جنوری کو طلبی نوٹس جاری کیا گیا ہے ۔

جبکہ فواد چوہدری کے چچا چوہدری شہباز حسین کے جہلم سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کا نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے ان پر اثاثے ظاہر نا کرنے کے اعتراضات تھے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے الیاس مہربان، عامر مغل، شیراز کیانی، زبیر فاروق سمیت 51 اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرکے کل تک جواب طلب کرلیا۔

جبکہ بھکر سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے حقیقی کزنز سابق ایم پی اے عرفان اللہ خان نیازی ،رفیق احمد خان نیازی کے علاوہ سابق ایم این اے پی ٹی آئی ثناء اللہ مستی خیل سمیت دیگر کی اپیلیں بھی سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں